جئے پور، 29/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) راجستھان کے جھنجھنو علاقے میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جب 13 سالہ ہمانشو نے یوٹیوب پر پٹاخہ بنانے کا طریقہ دیکھ کر خود پٹاخہ بنانے کی کوشش کی۔ اس نے 28 اکتوبر کو ویڈیو میں دیے گئے اجزاء جیسے سلفر اور پوٹاشیم خریدے، جو دراصل نمکیات سے بنی کھاد ہے، اور انہیں پانی میں حل کر کے ایک خطرناک آمیزہ تیار کیا۔ اس تجربے کے دوران وہ شدید زخمی ہو گیا۔
ہمانشو کی والدہ ریکھا نے بتایا کہ ہمانشو نے ان سے جوس اور چاکلیٹ کیلئے ۱۰۰؍ مانگے تھے، جو انہوں نے اسے دے دئے اور پلانی کیلئے روانہ ہو گئیں۔ لیکن ہمانشو نے ان روپیوں سے سلفر اور پوٹاش خریدی،جس کی قیمت ۵۰؍ روپئے فی شئے تھی۔ چونکہ ماں اس وقت گھر پر نہیں تھیں ، ہمانشو نے اپنی بہن کے خبر دار کرنے کے باوجود گھر کے مکسر میں ان تمام چیزوں کو پیس کر شیشے کی بوتل میں بھر کر جیب میں رکھ لیا۔دیگر پٹاخے جلاتے وقت لوہے کی چھڑی اس کی جیب میں رکھی شیشے کی بوتل سے ٹکراگئی جس کے سبب زوردار دھماکہ ہوا ، اس کےنتیجے میں ہمانشو بری طرح زخمی ہو گیا۔
ہمانشو کے چچا نے اسے فوری طور پر سورج گڑھ کے اسپتال پہنچایا ، بعد میں اسے جھنجھنو اور اس کےبعد جئےپور منتقل کرایا گیا، جہاں اس کی حالت ہنوز تشویشناک بنی ہوئی ہے۔