نئی دہلی، 30/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی کے پرشانت وہار میں 28 نومبر کو ہوئے دھماکے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ جمعہ کے روز پورے علاقے میں سنّاٹا چھایا رہا، اور بیشتر دکانیں بند رہیں۔ پولیس کی جانب سے جائے حادثہ کے قریب کچھ دکانیں بند رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی، لیکن دیگر دکانداروں نے بھی خوف کے باعث اپنی دکانیں نہیں کھولیں۔ تحقیقاتی ایجنسیاں جائے حادثہ پر متحرک نظر آئیں، تاہم علاقے کے رہائشی زیادہ تر اپنے گھروں تک محدود رہے اور باہر نکلنے سے گریز کیا۔
آج این سی جی کی ٹیم جائے حادثہ پر جانچ کے لیے پہنچی اور ضروری کارروائی کو انجام دیا۔ دیگر تحقیقاتی ٹیمیں بھی اپنے اپنے کاموں میں مصروف دکھائی دیں۔ جمعہ کے روز اسپیشل سیل کی ٹیم جب جائے حادثہ پر پہنچی تو پولیس نے پہلے سے ہی آس پاس والے راستوں کو بیریکیڈنگ سے بند کر دیا تھا۔ پرشانت وِہار میں ایک ماہ کے اندر 2 دھماکوں کی وجہ سے تحقیقاتی ایجنسیاں ہر ایک پہلو سے واقعہ کی جانچ کر رہی ہیں۔
اس درمیان پرشانت وِہار کے لوگ اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے میں بھی خوف محسوس کر رہے ہیں۔ دراصل کچھ اسکولوں میں پہلے ہی بم دھماکہ کے لیے دھمکی آمیز خط برآمد ہو چکے ہیں، ایسے میں والدین کا خوفزدہ ہونا لازمی ہے۔ گزشتہ 20 اکتوبر کو جو دھماکہ ہوا تھا وہ ایک اسکول کے قریب میں ہی ہوا تھا۔ تازہ دھماکہ کرائم برانچ دفتر کے قریب ہوا ہے جس سے دہشت پھیلنا یقینی ہے۔
واضح رہے کہ پرشانت وِہار میں جمعرات کے روز ہوئے دھماکہ کے بعد روہنی سیکٹر-13 واقع ونکٹیشور گلوبل اسکول میں جمعہ کی صبح دھمکی بھرا ای میل موصول ہوا۔ اس ای میل نے اسکول انتظامیہ اور زیر تعلیم بچوں کے والدین میں افرا تفری پیدا کر دی۔ احتیاطاً نرسری سے 12ویں درجہ تک سبھی بچوں کو صبح 11 بجے ہی چھٹی دے دی گئی۔ اسکول خالی ہونے کے بعد احاطہ اور سبھی کلاسز کی جانچ کی گئی لیکن کچھ بھی برآمد نہیں ہوا۔ مقامی پولیس اور جانچ ایجنسیاں معاملے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ دھمکی دینے والے سے متعلق فی الحال کوئی جانکاری نہیں مل سکی ہے۔