نئی دہلی، 24/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ملک بھر میں موسم میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے، اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ برفیلی ہوائیں بھی مختلف علاقوں میں اثر انداز ہو رہی ہیں۔ دہلی، پنجاب، یوپی اور بہار میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے دہلی، پنجاب، ہریانہ، ہماچل، یوپی اور اتراکھنڈ کے متعدد اضلاع میں کہرے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی تمل نادو اور کیرالہ کے کئی علاقوں میں بارش کے پیش نظر الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
راجدھانی دہلی میں گزشتہ کچھ دنوں سے کہرے کی چادر چھائی ہوئی ہے۔ کہرے کے ساتھ ہی یہاں آلودگی کی سطح بھی کافی بڑھ گئی ہے۔ جس کی وجہ سے ایک بار پھر دہلی کے لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فضائی آلودگی کے مضر اثرات صحت پر پڑ رہے ہیں۔ دہلی میں کہرے اور ہوا کی رفتار بے حد کم ہونے کی وجہ سے آلودگی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سے ہوا کا معیار سنگین زمرے میں ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق 24 نومبر کی صبح 7 بجے دہلی کا اوسط اے کیو آئی 370 درج کیا گیا۔ وہیں کئی مقامات کا اے کیو آئی ابھی بھی 400 سے زیادہ دکھائی دے رہا ہے۔ راجدھانی کے سونیا وِہار، علی پور، آنند وِہار اور بوانا میں صبح 6 بجے اے کیو آئی 400 سے زیادہ درج کیا گیا۔ باقی علاقوں میں اے کیو آئی 350 سے زیادہ تھا۔
وہیں دوسری طرف محکمہ موسمیات نے ٹھنڈ کے سلسلے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اتراکھنڈ کے زیادہ تر علاقوں میں سخت سردی پڑنے کے آثار ہیں۔ اگلے کچھ دنوں میں یہاں پہاڑوں میں پالے اور میدانی علاقوں میں کہرا چھایا رہ سکتا ہے۔ آئندہ تین دن بعد سے دون سمیت زیادہ تر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری سیلسیس تک کی گراوٹ آ سکتی ہے۔