نئی دہلی، 30/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جیسا کہ توقع کی جا رہی تھی، دھنتیرس کے موقع پر سونے اور چاندی کی قیمتیں 80 ہزار روپے کی سطح کو عبور کر گئی ہیں۔ منگل کو زیورات اور خوردہ فروشوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے سونے کی قیمت میں 300 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سونا 81,400 روپے فی 10 گرام پر پہنچ گیا۔ اسی طرح چاندی بھی 200 روپے مہنگی ہو کر 99,700 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
چاندی کی صنعتی مانگ میں اضافے کے ساتھ ہی سکوں کی مانگ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ دھنتیرس کے موقع پر سونا اور چاندی خریدنا بہت اچھا مانا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے ملک بھر میں خریداری بڑھ گئی ہے۔
آل انڈیا صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق، قومی دارالحکومت دہلی میں دھنتیرس پر مانگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ لوگ زیادہ چاندی کے سکے خرید رہے ہیں۔ ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر دسمبر کے لیے سونے کے معاہدے 178 روپے بڑھ کر 78,744 روپے فی 10 گرام ہو گئے۔ ایم سی ایکس پر بھی دھنتیرس کی وجہ سے خریداروں میں جوش و خروش تھا۔ دوسری جانب جیولری مارکیٹ میں سونا 80 ہزار روپے کی سطح سے آگے بڑھ گیا۔