ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات: وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سمیت 100 سے زائد رہنماؤں نے آج جمع کرائے نامزدگی کے کاغذات

جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات: وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سمیت 100 سے زائد رہنماؤں نے آج جمع کرائے نامزدگی کے کاغذات

Thu, 24 Oct 2024 17:49:18  SO Admin   S.O. News Service

رانچی، 24/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں تیزی آ گئی ہے۔ آج مختلف سیاسی جماعتوں کے 100 سے زائد امیدواروں نے اپنے نامزدگی کے کاغذات جمع کرائے، جس کے نتیجے میں متعلقہ علاقوں میں خاصی سرگرمی دیکھنے کو ملی۔ شہروں اور قصبوں میں پورے دن ریلیوں اور اجلاسوں کا سلسلہ جاری رہا۔ 4 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور تین مرکزی وزراء سمیت کئی اہم رہنماؤں نے اپنی جماعتوں اور اتحادی امیدواروں کی حمایت میں عوام سے ووٹ طلب کیے۔

جمعرات (24 اکتوبر) کو جن اہم امیدواروں نے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیے ان میں جے ایم ایم کی طرف سے صاحب گنج ضلع کی برہیٹ سیٹ سے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، نالا سیٹ سے اسمبلی اسپیکر رویندرناتھ مہتو، گانڈے سیٹ سے کلپنا سورین اور رانچی سیٹ سے راجیہ سبھا رکن مہوا ماجی شامل ہیں۔ بی جے پی کی طرف سے بوکارو ضلع کی چندن کیاری سیٹ سے اسمبلی میں قائد حزب اختلاف امر کمار باؤری، رانچی سیٹ سے سابق اسمبلی اسپیکر اور سابق وزیر چندریشور پرساد سنگھ، پوٹکا سے ارجن منڈا کی بیوی میرا منڈا، جمشیدپور مشرق سیٹ سے اڈیشہ کے گورنر رگھوور داس کی بہو پورنیما داس ساہو، گڑھوا سے سابق وزیر بھانو پرتاپ شاہی، کوڈرما سے سابق وزیر نیرا یادو، سسئی سیٹ سے سابق آئی پی ایس ڈاکٹر ارون اراؤں، گملا سے سابق وزیر مملکت سدرشن بھگت سمیت مجموعی طور پر 32 امیدواروں نے نامزدگی کا پرچہ داخل کیا۔

دوسری طرف کانگریس امیدوار کی شکل میں جمعرات کو پرچۂ نامزدگی داخل کرنے والے اہم امیدواروں میں جامتاڑا سے ریاستی وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری، لوہردگا سے ریاستی وزیر ڈاکٹر رامیشور اراؤں، جمشیدپور مشرق سے پارٹی کے قومی ترجمان ڈاکٹر اجئے کمار، جشمدی پور مغرب سے ریاستی وزیر بنّا گپتا اور مہگاما سے ریاستی وزیر دیپکا پانڈے سنگھ شامل ہیں۔ آجسو پارٹی کی طرف سے گومیا سیٹ سے لمبودر مہتو، لوہردگا سے نیرو شانتی بھگت اور جگسلائی سے رام چندر سہس کے نام شامل ہیں۔ علاوہ ازیں آر جے ڈی کی طرف سے کوڈرما سیٹ سے سبھاش پرساد یادو اور سماجوادی پارٹی کی طرف سے گڑھوا سیٹ سے سابق وزیر گریناتھ سنگھ نے پرچۂ نامزدگی داخل کیا ہے۔


Share: