ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات: دوسرے مرحلے کی 38 نشستوں پر کل پولنگ کے لیے تیاریاں مکمل

جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات: دوسرے مرحلے کی 38 نشستوں پر کل پولنگ کے لیے تیاریاں مکمل

Tue, 19 Nov 2024 16:58:11  SO Admin   S.O. News Service

رانچی، 19/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی ) جھارکھنڈ میں دوسرے اور آخری مرحلے کے انتخابات کل، 20 نومبر کو 12 اضلاع کی 38 نشستوں پر منعقد ہوں گے۔ اس حوالے سے پولنگ عملے کو آج روانہ کر دیا گیا۔ عملے کو ان کے متعلقہ مقامات تک پہنچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے، جن میں بسیں، ٹرینیں اور دیگر ذرائع شامل ہیں۔ روانگی کے موقع پر پولنگ ٹیموں کا استقبال روایتی انداز میں کیا گیا، جس میں مقامی گیتوں اور رقص کے ذریعے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی اور تِلک لگا کر ان کی خدمات کو سراہا گیا۔

ریاست کے چیف الیکشن آفیسر روی کمار کے مطابق ان انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 14,218 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں پولنگ ٹیمیں 19 نومبر کی شام تک پہنچ جائیں گی۔ پولنگ عملے کی نقل و حرکت پر جی پی ایس کے ذریعے نظر رکھی جا رہی ہے۔ اگر کوئی ٹیم راستہ بھٹک جائے تو کنٹرول روم سے ان کی نگرانی کی جائے گی۔

پولنگ مراکز کی حفاظت کے لیے نیم فوجی دستوں کی 585 کمپنیاں، جھارکھنڈ آرمڈ فورس کی 60 کمپنیاں، اور ضلعی پولیس کے ساتھ ہوم گارڈز کے 30,000 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوگی، اور 31 حساس مراکز پر شام 4 بجے تک جبکہ دیگر مراکز پر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

رائے دہندگان کی سہولت کے لیے 48 منفرد مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 239 مراکز خواتین عملے کے زیر انتظام ہیں، جبکہ 22 مراکز پر معذور عملہ اور 26 مراکز پر نوجوان عملہ ذمہ داریاں نبھائے گا۔

اس مرحلے میں 528 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ایک کروڑ 23 لاکھ 58 ہزار 195 ووٹرز کریں گے۔ اہم امیدواروں میں وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، جھارکھنڈ کے پہلے وزیر اعلیٰ بابولال مرانڈی اور دیگر نمایاں سیاستدان شامل ہیں۔


Share: