ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تمل ناڈو اور پڈوچیری میں طوفان ’فینگل‘ نے مچائی تباہی، ایک کی موت، چنئی ایئرپورٹ بند

تمل ناڈو اور پڈوچیری میں طوفان ’فینگل‘ نے مچائی تباہی، ایک کی موت، چنئی ایئرپورٹ بند

Sun, 01 Dec 2024 11:30:21  SO Admin   S.O. News Service

چنئی، یکم دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)گردابی طوفان ’فینگل‘ نے تمل ناڈو اور پڈوچیری کے متعدد علاقوں میں شدت اختیار کر لی ہے۔ طوفان کی آمد سے پہلے ہی تمل ناڈو کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہو رہی تھی، اور اب طوفان کے ساتھ مزید بارش بھی جاری ہے۔ اس طوفان کا اثر چنئی ہوائی اڈے پر بھی دیکھا جا رہا ہے، جہاں پروازوں کی روانگی اور آمد متاثر ہو رہی ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر، ہوائی اڈے کو عارضی طور پر 7 بجے تک بند کر دیا گیا ہے، تاہم اندازہ ہے کہ اس کے بعد بھی پروازوں کی آمد و رفت میں مشکلات جاری رہ سکتی ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا ہو رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تمل ناڈو میں فینگل کی وجہ سے آئے طوفان نے ایک شخص کی زندگی لے لی۔ بتایا جا رہا ہے کہ طوفان کی وجہ سے ایک شخص بجلی کے کرنٹ کی زد میں آ گیا، جس سے اس کی موت ہو گئی۔ کئی علاقوں میں سیلاب کا نظارہ بھی دیکھنے کو مل رہا ہے جس سے ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انتظامیہ نے راحت و بچاؤ کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔

اس درمیان تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کنٹرول روم میں پہنچ کر حالات کی نگرانی شروع کر دی ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر طوفان سے متعلق اَپڈیٹ بھی جاری کیا ہے اور زمین پر کام کرنے والے والنٹیرس سے شکریہ کہا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے بھروسہ دلایا ہے کہ حکومت کی کوششوں اور احتیاطی اقدام سے لوگوں کو زیادہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ نے والنٹیرس کو یہ یقین بھی دلایا ہے کہ ان کے مطالبات پر فوری توجہ دی جائے گی۔

جہاں تک پڈوچیری کا معاملہ ہے، فینگل کا اثر وہاں بھی صاف دکھائی پڑ رہا ہے۔ تیز ہوائیں اور بارش ساحلی علاقوں میں خوفناک حالات پیدا کرنے کا اشارہ دے رہی ہیں۔ حالانکہ انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی اقدام پہلے ہی اٹھائے جا چکے ہیں۔ گردابی طوفان فینگل کے پیش نظر افسران نے مقامی لوگوں کو ہفتہ کے روز گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ افسران نے یہ بھی جانکاری دی کہ ہفتہ کے روز پڈوچیری میں سبھی اسکول اور کالج بند رہیں گے۔


Share: