بنگلورو10؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے کمشنر منجوناتھ پرساد نے کہاکہ ریاستی حکومت کے احکامات کے مطابق شہر میں بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضے ہٹانے کیلئے انہدامی مہم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ کسی کے مقام اور مرتبے کی پرواہ کئے بغیر بلامروت انہدامی مہم آگے بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کے افسران نے انہدام کیلئے جن جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے ان تمام کو توڑ کر بڑے نالوں کیلئے راستہ ہموار کیا جائے گا۔ ڈوڈ بمسندرا میں انہدامی مہم کے دوران معائنہ کرتے ہوئے مسٹر منجوناتھ پرساد نے کہاکہ بی بی ایم پی کے بڑے نالوں پر جن لوگوں نے بھی قبضہ کیا ہے ان کے مقام اور مرتبے کی پرواہ کئے بغیر مکانات اور دیگر جائیدادوں کا انہدام جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کی طرف سے انہدامی مہم کے معاملے میں سختی برتی نہیں جارہی ہے۔مکینوں کی طرف سے اگر رضاکارانہ طور پر مکانات خالی کرنے کی پیش کش کی جارہی ہے تو انہیں ایک دن کی مہلت بھی دی جارہی ہے۔ مکین اگر اپنے اسباب فوری طور پر ہٹالیں تو اس کے بعد ہی مکانات کو منہدم کرنے کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔ انہدامی مہم کے دوران ایک شہید فوجی کے مکان کو بھی منہدم کردئے جانے کی شکایت پر انہوں نے کہاکہ شہید فوجی ہو یا کوئی اور قانون شکنی اگر ہوئی ہے تو کارروائی ہر ایک کے خلاف یکساں ہوگی۔