ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ڈسٹرکٹ لیول کبڈی ٹورنامنٹ کاکامیاب انعقاد؛ بھٹکل کی لائن ٹیم نے ماری بازی؛ منڈگوڈ کو ملا دوسرا مقام

بھٹکل میں ڈسٹرکٹ لیول کبڈی ٹورنامنٹ کاکامیاب انعقاد؛ بھٹکل کی لائن ٹیم نے ماری بازی؛ منڈگوڈ کو ملا دوسرا مقام

Tue, 26 Nov 2024 13:50:47  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل 26/نومبر (ایس او نیوز) دلچسپ، تفریح بخش اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد    نستار ٹرافی 2024  فلڈ لائٹ ڈسٹرکٹ لیول  کبڈی ٹورنامنٹ بالاخر  پیر دیر رات کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچا  اور   بھٹکل کی لائن ٹیم نے  ضلع کی مضبوط سمجھی جانے والی منڈگوڈ ٹیم کو آخری لمحوں میں چار پوائنٹس سے شکست دیتے ہوئے ٹرافی کو اپنے نام کرلیا،   جبکہ منڈگوڈ کو دوسرا مقام حاصل ہوا۔فائنل مقابلہ اتنا سخت اور کانٹے کا رہا کہ ہزاروں شائقین کبڈی عش عش کر اُٹھے۔

بھٹکل کی کوسموس ٹیم نے تیسرا مقام حاصل کیا، جبکہ سوپر اسٹار ٹیم کو چوتھا مقام ملا۔ ونر ٹیم لائن کو 50 ہزار روپے اور ٹرافی، جبکہ رنر اپ ٹیم منڈگوڈ کو 25 ہزار روپے سے نوازا گیا۔ تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو بھی 10-10 ہزار روپے انعام دیا گیا۔

ٹورنامنٹ میں 25 ٹیموں نے حصہ لیا تھا، جن میں سے لائن، کوسموس، سوپر اسٹار، اور منڈگوڈ سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہیں۔ سیمی فائنل اور فائنل مقابلے اتنے کانٹے دار رہے کہ آخری لمحوں تک جیت کا فیصلہ مشکل تھا۔ پانچ ہزار سے زائد شائقین اسٹیڈیم میں موجود رہے، جبکہ ہزاروں لوگوں نے میچ کو لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے دیکھا۔

 لائن ٹیم کے زُفیف ارمارجنہوں نے بہترین رائیڈنگ کے ساتھ بہترین  کیچنگ کا بھی مظاہرہ پیش کیا تھا  کو بیسٹ آل راونڈر کے خطاب سے نوازا گیا، جبکہ اپنی ٹیم کو بہترین رائیڈنگ اور بار بار بونس پوائنٹ سے جیت دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے مُنڈگوڈ کے جانو گاوڈے کو بیسٹ رائیڈر کے خطاب سے نوازا گیا۔

  ایک اور دو کھلاڑیوں  کے میدان میں ہونے کے باوجود اپنی بہترین کیچنگ سے شائقین  کبڈی کا دل  موہ  لینے  والے مُنڈگوڈ کے  جونٹی سِدّی کو بیسٹ کیچر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ بھٹکل کی مدینہ ٹیم کو بیسٹ ڈسپلن ٹیم کا اعزاز دیا گیا، جبکہ اسی ٹیم کے کھلاڑی  موسیٰ کاسرکوڈ کو بیسٹ ایمرجنگ پلئیر کے خطاب سے نوازا گیا۔ ٹورنامنٹ میں کوسموس کے ساحل امری  اور الہلال کے ذکّار احمد  شریف نے  بھی بیسٹ رائیڈنگ کے ذریعے  شائقین کبڈی   کی توجہ  اپنی طرف کرانے میں کامیاب رہے۔ دونوں کی رائیڈنگ اتنی  شاندار  رہی کہ  مقابلوں کے دوران  کئی بار  چار چار  اور پانچ پانچ  پوائنٹ حاصل کرکے میچوں کا رُخ بدلنے میں کامیاب نظر آئے۔  

ٹورنامنٹ کی  اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر   کبڈی کے معروف کھلاڑی   اور قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے کبڈی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ جبکہ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داران اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر پہلی مرتبہ ڈسٹرکٹ لیول کبڈی ٹورنامنٹ آرگنائز کرنے میں ساحل یوتھ اسوسی ایشن، نستار کے ذمہ داران بالخصوص جنرل سکریٹری طارق رکن الدین، اسپورٹس سکریٹری محمد لئیق رکن الدین ، عمّار، مروان، حبیب و دیگر بہت سارے نوجوان پیش پیش تھے۔ محمد لئیق نے اس موقع پر اخبارنویسوں کو بتایا کہ   کبڈی ہندوستان کا ایک قدیم روایتی کھیل ہے، جو جسمانی مہارت کے ساتھ ساتھ بھائی چارگی اور یکجہتی کی علامت بھی ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد ہندو مسلم اتحاد کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف واپس لانا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ کافی عرصے سے بھٹکل میں کبڈی کے ٹورنامنٹس کا انعقاد نہیں ہو رہا تھا، جس کے باعث نوجوان کبڈی سے دور اور موبائل  کے قریب ہوتے  جارہے  تھے۔ ہم نے اس ٹورنامنٹ کے ذریعے ان مسائل پر قابو پانے کی کوشش کی ہے۔ محمد لئیق نے آخر میں تماموں کا  شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی سرپرستی اور مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلم بھائیوں کے تعاون کی بدولت ہم اس ٹورنامنٹ کو کامیابی کے ساتھ آرگنائز کرنے میں کامیاب رہے۔

 

کانٹے والی ٹکر کا سیمی فائنل دیکھنا ہے ، تو  یہاں کلک کریں

فائنل کا شاندار  مقابلہ دیکھنا ہے تو یہاں کلک کریں


Share: