بنگلورو10؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) شہر کے بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضوں کیلئے لوگوں کو اجازت دینے کے الزام میں سات وظیفہ یاب افسران کے خلاف فوجداری مقدمے درج کئے گئے ہیں۔ یہ بات آج وزیراعلیٰ سدرامیا نے کہی۔ ریاستی کابینہ اجلاس میں شرکت سے قبل اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جن افسران کے خلاف حکومت نے کارروائی شروع کی ہے ان میں سے سات سبکدوش ہوچکے ہیں۔ ان افسران کو اب معطلی یا برطرفی کا کوئی خوف نہیں ہے، اسی لئے قانون کے مطابق ان کو جوابدہ بنانے کیلئے فوجداری مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ جو افسران برسر ملازمت ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ انہیں ملازمت سے بھی معطل کیا جاچکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہدامی مہم کے دوران ہوسکتا ہے کہ کچھ بے قصور لوگوں کے مکانات بھی ضائع ہوئے ہوں گے ، لیکن اس کیلئے حکومت قطعاً ذمہ دار نہیں ہے۔