بنگلورو۔30/جولائی(عبدالحلیم منصور؍ایس او نیوز) پچھلے تین دن سے شہر میں جاری بارش کا سلسلہ کل رات شدت اختیار کرگیا۔ اس بارش کے نتیجہ میں شہر کے اکثر علاقے زیر آب آگئے۔ نشیبی علاقوں میں لوگوں کو رات بھر اپنے گھروں میں گھسنے والے پانی کو نکال کر گزارنا پڑا۔
سب سے بری طرح متاثر بمن ہلی علاقہ ہے، جہاں کے بلیکن ہلی وارڈ میں چکن ہلی تالاب کا کنارہ ٹوٹنے سے 100 سے زائد مکانات مکمل طور پر زیر آب آگئے۔ شہر کے دیگر علاقوں میں درخت اور کھمبے اکھڑنے کی وجہ سے جابجا ٹریفک جام کی شکایات رہیں۔ بمن ہلی کے چکن ہلی الاب کا کنارہ ٹوٹنے کے سبب یہاں کے عالیشان اپارٹمنٹس ڈیوو انکلیو،مہاویر اپارٹمنٹ، انوگرہا لے آؤٹ وغیرہ علاقوں میں پانی بھر گیا جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کو پانی خالی ہونے تک گھروں میں بند رہنا پڑا۔ رات بھر ہوئی بارش کے نتیجہ میں اپارٹمنٹ کے تہہ خانے تالاب میں تبدیل ہوگئے۔ پانچ سے چھ فیٹ تک پانی جمع ہوگیا۔ یہاں کی سڑکوں پر گاڑیوں کا آنا جانا بند ہوگیا۔ بمن ہلی مین روڈ اور آس پاس کے علاقوں میں پانی جمع ہوجانے کے سبب ٹریفک کا اژدہام دیکھا گیا۔
نشیبی علاقوں میں پانی بھرجانے کے نتیجہ میں 50سے زائد لوگوں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا گیا۔ بی بی ایم پی اور سیول ڈیفنس کے عملے نے راحت اور بچاؤ کاری میں حصہ لیا۔ میئر منجوناتھ ریڈی، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد اور دیگر اعلیٰ عہدیداران صبح پانچ بجے سے ہی راحت اور بچاؤ کی مہمات کی نگرانی میں لگ گئے۔
رام مورتی نگر انڈر پاس، اولڈ ایرپورٹ روڈ اور دیگر سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے کے سبب گاڑیوں کی آمدورفت ناممکن ہوگئی۔ اس کے علاوہ شہر کے الیکٹرانک سٹی، ویر سندرا جنگشن، نروپتنگا، روڈ، کے آر سرکل، میجسٹک، ہوسور روڈ، سلک بورڈ، مارتھلی، کتری گپے، کنگیری، باپوجی نگر، بلیک ہلی، شیواجی نگر، منی ریڈی پالیہ، ہبال، بلاری روڈ، کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ، سٹی مارکیٹ، میسور روڈ وغیرہ میں پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے ٹریفک میں بڑے پیمانے پر خلل پڑا۔ ان سڑکوں پر دو تا تین فیٹ پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے جابجا گاڑیوں کا اژدہام لگا ہوا تھا۔
نائینڈہلی مین روڈ کے قریب بیچ سڑک میں ایک کار کے خراب ہوجانے کی وجہ سے بنگلور میسور ٹریفک بری طرح متاثر ہوگئے۔ باپو جی نگر کے قریب ورشا بھاوتی نالے سے پانی ابل کر سڑک پر آگیا جس کی وجہ سے یہاں ٹریفک جام واقع ہوا۔
اس دوران شہر کے میئر منجوناتھ ریڈی نے شہر میں ہوئی موسلادھار بارش کے نتیجہ میں عوام کو ہوئی پریشانیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ شہر کے اکثر بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضوں کے نتیجہ میں بارش کا پانی شہر سے نکل نہیں پارہا ہے۔ نالوں پر غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی تنبیہہ کرتے ہوئے میئر نے کہاکہ اس طرح کے قبضوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کل رات بھر ہوئی بارش کے نتیجہ میں شہر کے اکثر تالاب بھی لبریز ہوکر بہنے لگے۔ جس کی وجہ سے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے میئر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئےکہاکہ بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضہ شہر میں بارش کی صورتحال میں ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔جتنی جلد ہوسکے ان قبضہ جات کو ختم کرانے کی ضرورت ہے۔ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے بی بی ایم پی دیگر ایجنسیوں کے ساتھ کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو جلد ازجلد اس دشواری سے راحت دلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔اس دوران شہر کی دیگر سڑکوں بشمول کے آر مل،ٹاؤن ہال، کافی بورڈ، جے سی روڈ، رچمنڈ روڈ، بی ٹی ایم لے آؤٹ، ڈاکٹر راجکمار روڈ، واٹال ناگراج روڈ وغیرہ میں بھی پانی جمع ہوجانے سے ٹریفک کے اژدہام کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔