نئی دہلی، 26/سکتوبر (ایس او نویز /ایجنسی) بابا صدیقی قتل کیس میں پولیس کو ایک اور بڑی کامیابی ملی ہے۔ اس ہائی پروفائل کیس میں ممبئی کے رہائشی ملزم سوجیت سشیل سنگھ کو لدھیانہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی پنجاب اور ممبئی پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سوجیت اس قتل کی سازش میں شامل تھا، اور ایک اور ملزم نیتن گوتن سپرے نے اسے 3 دن پہلے بابا صدیقی کے قتل کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا تھا۔ اس گرفتاری سے کیس کی تحقیقات میں مزید پیشرفت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ یہ اس قتل کیس میں 15ویں گرفتاری ہے۔ دو ہفتے قبل بابا صدیقی کو ان کے بیٹے ذیشان صدیقی کے دفتر کے باہر قتل کیا گیا تھا۔ سوجیت کا تعلق ممبئی کے گھاٹ کوپر علاقے سے ہے اور پولیس کے مطابق وہ ایک ماہ قبل پنجاب کے لدھیانہ فرار ہو گیا تھا، جہاں اسے جمعہ کے روز گرفتار کیا گیا۔ سوجیت لدھیانہ میں اپنے سسرال والوں کے گھر میں چھپا ہوا تھا۔
پولیس نے فی الحال اس قتل کو لارنس بشنوئی گینگ سے جوڑنے کا دعویٰ نہیں کیا، حالانکہ اس گینگ نے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ ابھی تک قتل کے پس پردہ اصل محرکات کی کوئی سرکاری وضاحت سامنے نہیں آئی۔ البتہ، ممبئی پولیس نے بدھ کو دعویٰ کیا کہ صدیقی کے قاتل قتل سے قبل لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی کے رابطے میں تھے۔
دریں اثناء، جمعہ کو لارنس بشنوئی گینگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں، دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے پنجاب اور دیگر ریاستوں سے سات مشتبہ شوٹرز کو گرفتار کیا۔ پولیس حکام کے مطابق، ملزمان کے پاس سے 6 جدید پستولیں، 24 زندہ کارتوس اور ایک جی پی ایس ٹریکنگ ڈیوائس برآمد ہوئی۔ بابا صدیقی کو 12 اکتوبر کو دسہرہ کے موقع پر پٹاخے پھوڑتے وقت ان کے بیٹے ذیشان صدیقی کے دفتر کے باہر قتل کر دیا گیا تھا۔