ممبئی، 28/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے این سی پی-ایس پی نے امیدواروں کی تیسری فہرست کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فہرست میں چند اہم نام شامل کیے گئے ہیں، جن میں معروف بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کے شوہر فہد احمد بھی شامل ہیں۔ پارٹی نے فہد احمد کو انوشکتی نگر حلقے سے امیدوار نامزد کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ فہد احمد اس سے قبل سماجوادی پارٹی کے رکن تھے، تاہم اب انہوں نے این سی پی-ایس پی اتحاد کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی پی۔ایس پی میں شمولیت کے بعد فہد احمد نے کہا کہ ’’میں پہلے اعلیٰ قیادت سے ملاقات کروں گا، اس کے بعد کچھ کہوں گا۔ این سی پی۔ایس پی کی نظریات سماجوادی پارٹی کے نظریات سے مختلف نہیں ہے۔ میں شرد پوار صاحب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اکھلیش یادو سے پوچھا اور کہا کہ ہم فہد کا نام این سی پی۔ایس پی کے انتخابی نشان کے ساتھ اعلان کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ این سی پی۔ایس پی اب تک 76 امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے۔ تیسری فہرست سے قبل ہفتہ کو این سی پی۔ایس پی نے امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی تھی۔ جس میں کل 22 امیدواروں کے نام شامل تھے۔ وہیں پہلی فہرست میں شرد پوار نے کل 45 امیدواروں کے نام کا اعلان کیا تھا۔
واضح ہو کہ مہاراشٹر میں 20 نومبر کو اسمبلی انتخاب کے لئے ووٹ ڈالا جائے گا۔ جس کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔ مہاراشٹر میں اسمبلی کی کل 288 سیٹیں ہیں۔