روسی ذرائع ابلاغ نے ایران کی اسرائیل دشمنی کا بھانڈہ پھوڑ دیا
تہران،14جولائی(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)روس کے ذرائع ابلاغ نے اسرائیلی حکام کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں ایران اور عراق کے ایک نئے اسکینڈل کا پردہ چاک کیا ہے اور بتایا ہے کہ دونوں ملکوں کے نصف درجن ٹی وی چینل اسرائیلی سیٹلائٹس کے ذریعے فرقہ وارانہ نشریات پیش کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی مصنوعی سیاروں کے ذریعے اپنی نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینلز تل ابیب کی پالیسی پر مکمل طورپر کاربند ہیں۔ ان پر اسرائیل اور یہودیوں کے خلاف تو کوئی بات نشرنہیں کی جاتی البتہ ایران کی حمایت میں فرقہ وارانہ پروپیگنڈہ جاری ہے۔روسی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران اور عراق کے ٹی وی چینل اپنی نشریات کے لیے اسرائیل کے عاموس 2 ، عاموس3اور عاموس5کو استعمال کررہے ہیں۔اسرائیلی ٹی وی چینلوں سے نشریات پیش کرنے والے عراق اور ایران کے ٹی وی چینل شیعہ فرقے کی مذہبی تعلیمات کے فروغ اور فرقہ وارانہ لوازمات پیش کرتے ہیں۔ اسرائیلی سیٹلائٹس سے نشریات پیش کرنے والے ایرانی ٹی وی چینلوں میں بعض عربی میں نشر کیے جاتے ہیں۔ ان میں آل بیت ٹی وی ، الانوار، العالمیہ اور الغدیر عربی ٹی وی چینل ہیں۔خیال رہے کہ ایران سے نشریات پیش کرنے والے یا ایران نواز 28ٹی وی چینل چوبیس گھنٹے مختلف مسلمان ملکوں کے خلاف منفی پروپیگنڈے میں سرگرم عمل ہیں۔ ٹی وی چینلوں کے لیے درجنوں ریڈیو اسٹیشن 35زبانوں میں ایران کی حمایت میں پروپیگنڈہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔