بنگلورو15؍جولائی(ایس او نیوز) ڈی وائی ایس پی گنپتی کی خود کشی کے معاملہ میں کے جے جارج کا ریاستی حکومت تحفظ نہیں کررہی ہے، بلکہ یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ گنپتی کی خود کشی سے جارج کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ یہ بات آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہی۔ ناگوار کے ہنور تالاب کی صفائی کے کاموں کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب ہوکر سدرامیا نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیاں بدنیتی کا رویہ اپنائی ہوئی ہیں۔ اپنے سیاسی اثر ورسوخ کی وجہ سے وہ کے جے جارج کو قربان کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر کا یہ بیان غلط ہے کہ ریاست کی چھ کروڑ عوام چاہتی ہے کہ جارج استعفیٰ دے دیں۔ انہوں نے کہاکہ 99مجرم اگر چھوٹ جائیں تو اس کی کوئی پرواہ نہیں ،لیکن ایک بے قصور کو سزا نہ ملے اس ملک کے قانون کایہی منشا ہے ۔اس کے مطابق ہی ریاستی حکومت بے قصور جارج کا استعفیٰ طلب نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ حکومت کسی قصوروار کی حمایت میں یا اس کے تحفظ میں نہیں ہے، بلکہ بے قصوروں کو بچانا حکومت کا منشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے جو بھی معاملہ اٹھایا گیا، اس کا انہوں نے ایوان میں جواب دے دیا ہے۔ اس کے باوجود بھی اپوزیشن پارٹیوں کو اطمینان نہیں ہے تو کیا کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں جو تالاب سوکھ رہے ہیں ان تالابوں کو بحال کرنے کے ساتھ جن تالابوں پر غیر قانونی قبضے ہوچکے ہیں ،ان پر سرکاری قبضہ بحال کرتے ہوئے وہاں پر پارکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جاچکا ہے۔ شہر کی خوبصورتی کو بڑھانے میں پارکوں کا رول انتہائی اہم ہے۔اسی لئے شہر بھرمیں شجر کاری کو بڑھاوا دیا جارہاہے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔حکومت کی طرف سے جو کوششیں کی جارہی ہیں ،اس میں عوام کو بھی شریک ہونا چاہئے۔ ہنور تالاب 34ایکڑ پر مشتمل ہے۔اس تالاب کو ایک ماڈل پارک میں تبدیل کیا جائے گا، تاکہ یہاں کے لوگوں کو اچھی آب وہوا پانے کا موقع مل سکے۔ سدرامیا نے کہا کہ ریاست میں 21 فیصد زمین جنگلات پر مشتمل ہے۔اس کی حد 33 فیصد تک بڑھانے کی کوشش ہونی چاہئے۔ وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے اس موقع پر گنپتی معاملہ میں انہیں نشانہ بنانے پر اپوزیشن پارٹیوں سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی ہے، اگر انہوں نے غلطی کی ہوتی تو رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دے دیتے ۔ پروگرام میں وزیر برائے جنگلات رمناتھ رائے ، میئر منجوناتھ ریڈی، رکن اسمبلی بائرتی بسوراج، پلیوشن کنٹرول بورڈ کے چیرمین لکشمن ،بی بی ایم پی کارپوریٹر آنند نندا ، رادھما وینکٹیش وغیرہ موجود تھے۔