واشنگٹن، 24/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)امریکی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی گاڑی ایک حادثے سے بال بال بچ گئی، جبکہ غلط سمت سے آنے والی گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بعد کملا ہیرس کی جان کو لاحق خطرات کو روکنے میں ناکامی پر ایک بار پھر امریکہ کی خفیہ سروسز پر تنقید کی جا رہی ہے۔
ریاست وسکونسن کے شہر ملواکی کے دورے کے دوران امریکی صدارتی امیدوار کا کانوائے انٹراسٹیٹ 94 سے گزر رہا تھا کہ غلط سمت سے تیز رفتار گاڑی ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کے قافلے کی طرف بڑھی۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گاڑی چلانے والا شخص نشے کی حالت میں تھا۔ 55 سالہ ملزم اسی شہر کا رہائشی ہے، نشے کی حالت میں گاڑی چلانے پر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں دو ہفتے سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، کملا ہیرس کو خدشہ ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نتائج سے قبل جیت کا دعویٰ کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار نے کہا ہے کہ اگر ٹرمپ نے قبل از وقت جیت کا دعویٰ کیا تو اسے فوری چیلنج کردیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایسی کسی بھی صورتحال کیلئے ڈیموکریٹک پارٹی پہلے سے تیار ہے، ہماری ساری توجہ ٹرمپ کو ہرانے پر ہے، ٹرمپ اپنے حامیوں کو پہلے بھی حملے کیلئے اکسا چکے ہیں، یہ سنجیدہ معاملہ ہے، کپیٹل ہل حملے میں کئی افراد کی جان جا چکی ہے۔