ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسپین میں شدید بارشوں کی وجہ سے 62 ہلاکتیں، تباہی کا سلسلہ جاری

اسپین میں شدید بارشوں کی وجہ سے 62 ہلاکتیں، تباہی کا سلسلہ جاری

Wed, 30 Oct 2024 18:43:03  SO Admin   S.O. News Service

میڈرڈ، 30/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) اسپین میں ایک سال کے دوران ہونے والی ریکارڈ طوفانی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 62 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ شدید بارشیں ملک کے مختلف علاقوں میں تباہی پھیلانے کا باعث بنی ہیں، جس سے بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں، لیکن حالات کی شدت کی وجہ سے امداد کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں ہونے والی مسلسل بارشوں کے باعث دریا اور ڈیم اُبل پڑے۔ کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ 

سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا اور اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ مکانات تباہ ہوگئے اور سڑکیں بہہ گئیں۔

سیلابی ریلے کے باعث شہریوں نے گھروں کی چھتوں پر پناہ لی جنھیں ہیلی کاپٹرز کے لیے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ ریلیف کیمپ قائم کردیے گئے۔ 

امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد 62 تک جا پہنچی ہے جب کہ متعدد افراد کے لاپتا ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ دو روز جاری رہے گا۔ شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


Share: