ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / اسرائیلی پولیس کی فائرنگ، تین فلسطینی ہلاک،400زخمی

اسرائیلی پولیس کی فائرنگ، تین فلسطینی ہلاک،400زخمی

Sat, 22 Jul 2017 20:07:00  SO Admin   S.O. News Service

مقبوضہ یروشلم22جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) یروشلم اور مغربی کنارے میں اسرائیلی پولیس کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم تین فلسطینی ہلاک اور چار سو زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ جھڑپیں اسرائیلی کی طرف سے مسجد اقصیٰ تک مسلمانوں کی رسائی محدود بنانے کے بعد شروع ہوئیں۔نئی سکیورٹی اقدامات کے تحت آج اسرائیلی پولیس نے پچاس برس سے کم عمر کے مسلمان فلسطینیوں کو مسجد الاقصیٰ میں نماز کی ادائیگی کے لییجانے سے روکنے کے اعلان کے ساتھ ہی مسجد تک جانے والے تمام راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹرز بھی نصب کر دیے تھے۔ان اسرائیلی اقدامات کے بعد فلسطینی مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے مسجد اقصیٰ کے قریب سڑکوں پر اور مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی چوکیوں کے قریب ہی نماز جمعہ ادا کی۔نمازجمعہ ختم ہونے کے فوراََبعد اسرائیلی پولیس نے مشرقی یروشلم اور مغربی کنارے کی فوجی چوکیوں کے قریب نمازیوں کی طرف پیش قدمی کرتے ہوئے ان کے خلاف آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔اسرائیلی حکام کے مطابق یہ کارروائی نمازیوں کی طرف سے پولیس پر حملہ کرنے کے بعد کی گئی۔ فلسطینی نیوز ایجنسی مان نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس طرح مجموعی طور پر تین فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ فلسطینی حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا کیوں کہ چار سو میں سے کئی فلسطینیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ دوسری جانب ابھی تک اسرائیلی حکام نے ان ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی ہے۔اس دوران ہونے والی ایک اور پیش رفت کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے واشنگٹن میں ٹرمپ انتظامیہ سے بھی ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسرائیل پر نئی سکیورٹی اقدامات ختم کرنے کے لیے دباؤڈالے۔فلسطین کی سرکاری نیوز ایجنسی وفا کے مطابق صدر محمود عباس نے وائٹ ہاؤس کے سینئر ایڈوائزر اور صدر ڈونلد ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر سے کہا ہے کہ صورتحال بہت ہی کشیدہ ہو چکی ہے اور کسی بھی وقت کنٹرول سے باہر ہو سکتی ہے۔دوسری جانب حماس کے لیڈر اسماعیل ہانیہ نے مسلمان اور عرب رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقدس مسجدالاقصیٰ کی حفاظت کے لیے اپنا فرض ادا کریں۔ اسماعیل ہانیہ کا یہ بیان جمعے کے روز ایک فلسطینی ٹیلی وژن پر نشر کیا گیا ہے۔انہوں نے اسلامی تعاون کی تنظیم، ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور اردن کے شاہ عبداللہ سے اس حوالے سے خصوصی اپیل کی۔گزشتہ ہفتے ایک فلسطینی حملہ آور نے فائرنگ کر کے یروشلم میں دو اسرائیلی پولیس اہلکاروں کوہلاک کر دیا تھا۔ فلسطینیوں کا الزام ہے کہ اسرائیلی میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کرنے جیسے اقدامات کے ذریعے بیت المقدس پراپناقبضہ مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ 
 


Share: