شملہ، 25؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پولیس نے آج وہ گاڑی برآمد کرلی ہے جس میں ہفتہ کو ایک اسرائیلی خاتون کی مبینہ طور پر عصمت دری کی گئی تھی ۔پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے دومشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔کلو کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پدم چند نے کہاکہ جس کار میں 25سالہ خاتون کو لفٹ دے کر اس کے ساتھ منالی کے پاس سنسان مقام پر مبینہ طور پر عصمت دری کی گئی تھی ، وہ کلو سے برآمد کرلی گئی ہے اور پوچھ گچھ کے لیے دو لوگوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی تحقیقات کر رہی ہے، چونکہ اس وقت اندھیرا تھا،فوٹو صاف نہیں ہیں ، لیکن ہمیں تمام ملزمان کے گرفتار ہونے کی امید ہے۔چند نے کہا کہ منڈی میں امراض نسوان کے ماہر ڈاکٹر دستیاب نہیں ہونے کی وجہ سے متاثرہ کو تفصیلی میڈیکل چیک اپ کے لیے بلاس پور کے سرکاری اسپتا ل میں بھیجا گیا۔ابتدائی جانچ سے لگتا ہے کہ عورت کے جنسی زیادتی کی گئی ہے۔متاثرہ نے پولیس میں درج کرائی گئی شکایت میں الزام لگایا کہ ملزمان نے اسے لفٹ دینے کے بہانے سے گاڑی میں بٹھایا۔اس کا کہنا ہے کہ کارمیں6لوگ سوار تھے اور ان میں سے دو لوگوں نے اس کے ساتھ مبینہ طور پر عصمت دری کی۔
سدھونے بی جے پی پربھڑاس نکالی ، کہا: میرے لیے پنجاب سب سے اوپر
نئی دہلی، 25؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سابق کرکٹر اور ایم پی نوجوت سنگھ سدھو نے آخر کار راجیہ سبھا سے اپنے استعفے کولے کر خاموشی توڑ دی۔پیر کو انہوں نے بی جے پی قیادت پرجم کر حملہ بولا۔انہوں نے کہاکہ ان کے لیے پنجاب سے بڑھ کرکچھ بھی نہیں ہے۔پنجاب ان کا گھر ہے، لیکن انہیں دہلی سے ہدایت ملی کہ پنجاب سے دوررہو۔سدھونے کہاکہ اس وجہ سے انہوں نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔سدھونے پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہاکہ میں نے راجیہ سبھا سے اس لیے استعفیٰ دیاکیونکہ مجھ سے کہا گیا کہ تم پنجاب کی طرف رخ کر کے نہیں دیکھو گے۔مجھے پنجاب سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی تھی ، لیکن سدھو امرتسر سے کیا اپنا وعدہ نہیں توڑ سکتا۔پرندے شام کو اپنے گھر ہی لوٹتے ہیں ، پھر سدھو پنجاب کس طرح چھوڑسکتا ہے؟نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ ان کو بغیر کسی وجہ کے پنجاب چھوڑنے کے لیے کہا گیا۔انہوں نے کہاکہ مجھے کوئی وجہ تو بتاؤ۔جس پنجاب نے مجھے چار بار اتنا بڑا اعزاز دیا، میں بھلا اسے کیسے چھوڑ سکتا ہوں، جہاں پنجاب کامفادہوگا،سدھووہاں کھڑا رہے گا۔سدھو نے مزید کہاکہ دنیا کی کوئی بھی پارٹی پنجاب سے اوپر نہیں ہے۔اگر یہ پہلی بارہوتا،تو میں برداشت کرلیتا ، لیکن تیسری چوتھی بار ایسا ہوا۔سدھو کواس وقت پنجاب سے الیکشن لڑنے کے لیے کہا گیا جب مخالف لہرتھی۔سدھو جیت گیا۔لوگوں نے بھروسہ کیااورچار بار موقع دیالیکن جب مودی صاحب کی لہر آئی تو مخالفین ڈوب گئے ۔