احمد آباد ، 28/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) احمد آباد کے نارول علاقے میں واقع ’دیوی سنتھیٹک پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کمپنی میں اتوار کے روز گیس لیک ہونے کا حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 2 ملازمین کی موت واقع ہو گئی۔ کمپنی کے مزید 7 ملازمین زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد فیکٹری میں کام عارضی طور پر روک دیا گیا اور حفاظتی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق، یہ حادثہ اس وقت ہوا جب کمپنی میں سلفیورک ایسڈ کا ٹینکر خالی کیا جا رہا تھا۔ اس دوران بلیچنگ سیکشن میں کاسٹک سوڈا کے ساتھ ری ایکشن ہونے کی وجہ سے دھواں پھیل گیا۔ جس کے بعد کئی ملازمین بے ہوش ہو گئے۔ اس حادثہ کے بعد فورا ایمرجنسی نمبر 108 پر کال کر کے امداد کے لئے بلایا گیا۔ امدادی کارکنان نے مستعدی کے ساتھ بے ہوش ہوئے سبھی 9 ملازمین کو منی نگر کے ایل جی اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا۔
گیس لیکیج کی وجہ سے بے ہوش ہوئے جن 9 ملازمین کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اس میں سے 2 مزدوروں نے علاج کے دوران ہی دم توڑ دیا، دیگر 7 کا علاج جاری ہے۔ 7 میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اس خوفناک حادثہ کے بعد کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین اور مقامی لوگوں میں ڈر و خوف کا ماحول ہے۔
حادثہ کے فورا بعد ہی فائر بریگیڈ، فیکٹری انسپکٹر، گجرات پولیوشن کنٹرول بورڈ (جی پی سی بی) اور پولیس فورس موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔ حکام نے جائے وقوع کا باریکی سے جائزہ لیا اور صورت حال پر قابو پانے کی کوشش کی۔
فیکٹری میں یہ المناک حادثہ کیسے ہوا، اس کے کیا وجوہات ہو سکتے ہیں۔ پولیس ان تمام پہلوؤں کے پیش نظر تفتیش شروع کر دی ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے حادثے میں مرنے والے دونوں ملازمین کو اپنے قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔