نئی دہلی، 20/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) بدھ کے روز سپریم کورٹ نے منی پور میں انر لائن پرمٹ (آئی ایل پی) سسٹم کے حوالے سے بیرن سنگھ حکومت کو نوٹس جاری کیا۔ دراصل، ریاست کے آئی ایل پی سسٹم کو ایک درخواست میں چیلنج کیا گیا ہے۔ اروناچل پردیش، ناگالینڈ اور میزورم کے بعد منی پور واحد ریاست ہے جہاں یہ سسٹم نافذ ہے۔
ان ریاستوں کا سفر کرنے کے لیے بیرونی افراد یا دیگر ریاستوں کے شہریوں کو خصوصی اجازت درکار ہوتی ہے۔ اس درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس ہریشی کیش رائے اور جسٹس ایس وی اے بھٹی کی بنچ نے منی پور حکومت کو جواب دینے کے لیے آٹھ ہفتے کا وقت دیا ہے۔
یہ درخواست آمرا بنگالی نامی تنظیم نے دائر کی ہے، جس نے اس سے قبل 3 جنوری 2022 کو مرکزی اور منی پور حکومتوں کو نوٹس جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ عرضی میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی ایل پی سسٹم نے ریاست کو وسیع اختیارات دیے ہیں، جس کی وجہ سے منی پور کے عارضی شہریوں کی نقل و حرکت پر سخت کنٹرول نافذ کیا جاتا ہے۔