بھٹکل، 19 مارچ (ایس او نیوز): پڑوسی ریاست کیرالہ کے ضلع ملپورم میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد کیرالہ سمیت ساحلی کرناٹک کے مختلف علاقوں—مینگلور، اڈپی، کنداپور، گنگولی، بیندور، شیرور، بھٹکل اور کمٹہ—میں کل جمعہ کو عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
کالی کٹ کے مفتی مولانا امین ندوی نے ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کالی کٹ سے تقریباً 35 کلومیٹر دور ضلع ملپورم کے پرپّن انگڈی کے قریب ساحلی مقام چٹّی پاڑی میں چاند کی رویت ثابت ہونے کے بعد ریاست کے مختلف قاضی حضرات نے باضابطہ طور پر عیدالفطر کا اعلان کیا، جس کے ساتھ ہی کیرالہ بھر کی مساجد میں تکبیرات کی صدائیں گونج اٹھیں۔ بعد ازاں مختلف ملیالم میڈیا اداروں نے بھی ریاست کے دیگر علاقوں میں چاند نظر آنے کی تصدیق کرتے ہوئے اطلاع دی کہ رمضان المبارک کے 29 روزے مکمل ہوگئے ہیں اور جمعہ 20 مارچ کو عیدالفطر منائی جائے گی۔
کیرالہ میں رویت کی تصدیق کے بعد ساحلی کرناٹک کے علاقوں، خصوصاً مینگلور، اڈپی اور بھٹکل میں بھی مقامی قاضی حضرات نے عیدالفطر کا اعلان کردیا۔ اعلان کے فوراً بعد مساجد میں تکبیرات کی صدائیں گونج اٹھیں، جبکہ عید کی تیاریوں میں تیزی آگئی اور بھٹکل کے رمضان بازار میں آخری خریداری کے لیے غیر معمولی بھیڑ دیکھی گئی۔
نماز عید کے اوقات و انتظامات:
بھٹکل بندر روڈ پر واقع عیدگاہ میدان میں نماز عیدالفطر صبح 7:30 بجے ادا کی جائے گی۔ اس سے قبل صبح 7 بجے جامع مسجد سے ایک جلوس نکلے گا، جو چوک بازار، محمد علی روڈ، مین روڈ، اولڈ بس اسٹینڈ اور نور مسجد کراس سے ہوتا ہوا عیدگاہ پہنچے گا۔ نماز کی امامت مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی کریں گے۔
جامعہ آباد عیدگاہ میں نماز صبح 7:45 بجے ادا ہوگی، جہاں مولانا اسحاق ڈانگی ندوی امامت فرمائیں گے، جبکہ مختلف علاقوں سے جلوس مقررہ اوقات پر روانہ ہوں گے۔
شرالی میں مسجد رحمانیہ اور مسجد علی میاں میں نماز عید صبح 8:30 بجے ادا کی جائے گی۔ اسی طرح کمٹہ عیدگاہ میدان میں بھی صبح 8:30 بجے نماز ادا ہوگی، جس کی امامت مولانا محمد میراں ندوی کریں گے، جبکہ صبح 8 بجے جلوس کی صورت میں عیدگاہ پہنچنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کی پابندی کرتے ہوئے نظم و ضبط کا خیال رکھیں اور عیدگاہ آتے وقت اپنی جائے نماز ساتھ لائیں۔
یاد رہے کہ خلیجی ممالک، خصوصاً سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور بحرین میں شوال کا چاند نظر نہ آنے کے باعث رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل کیے گئے ہیں اور ان ممالک میں بھی جمعہ 20 مارچ کو عیدالفطر منائی جائے گی، جبکہ عمان میں 29ویں رمضان کو چاند کی رویت ثابت ہونے کے بعد وہاں بھی جمعہ کو عیدالفطر منائی جائے گی۔
ادھر بھٹکل کی مختلف تنظیموں، جن میں مجلس اصلاح و تنظیم، بھٹکل مسلم خلیج کونسل اور انڈین نوائط فورم شامل ہیں، نے عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔
Watch video: Rush at Bhatkal Ramzan Bazaar after Eid announcement.