ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / برطانیہ اور تیونس میں فلسطین کے حق میں ہزاروں افراد سڑکوں پر، فوری جنگ بندی کا مطالبہ

برطانیہ اور تیونس میں فلسطین کے حق میں ہزاروں افراد سڑکوں پر، فوری جنگ بندی کا مطالبہ

Sun, 07 Jun 2026 17:27:34    S O News
برطانیہ اور تیونس میں فلسطین کے حق میں ہزاروں افراد سڑکوں پر، فوری جنگ بندی کا مطالبہ

مانچسٹر ، 7 /جون (ایس او نیوز / ایجنسی)برطانیہ اور تیونس میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور غزہ میں جاری جنگ کے خلاف بڑے مظاہرے کئے گئے، جن میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور فلسطینی عوام کے حق میں نعرے بلند کئے۔ برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں فلسطین کے حامی مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے اسرائیل کی پالیسیوں اور برطانوی حکومت کی اسرائیل کیلئے حمایت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی حمایت ختم کرے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کرے۔

گریٹر مانچسٹر میں قائم تنظیم ’فرینڈز آف فلسطین‘ کی جانب سے جاری ویڈیوز میں مظاہرین کو شہر کی مختلف سڑکوں پر مارچ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ شرکا نے فلسطینی عوام کے حق میں نعرے لگائے اور ’اسرائیلی قبضہ ختم کرو‘ کے الفاظ پر مشتمل ایک بڑا بینر بھی اٹھا رکھا تھا۔ مارچ کا انعقاد۱۹۶۷ء کی جنگ کے۵۹؍ برس مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا، جسے فلسطینی تاریخ میں ’’نکسا‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ اس جنگ کے بعد اسرائیل نے مغربی کنارے، مشرقی بیت المقدس اور غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لیا تھا۔

دوسری جانب تیونس کے شمالی شہر بیزرت میں بھی فلسطین کے حق میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے شہید حبیب بوختیفہ پارک میں جمع ہو کر غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں اور انسانی بحران کے خلاف آواز بلند کی۔ مظاہرے کے دوران شرکا نے سرخ رنگ سے رنگے ہوئے علامتی تابوت رکھے، جن کے ذریعے غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں اور انسانی المیے پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام انتہائی مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں اور عالمی برادری کو فوری طور پر جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ مبصرین کے مطابق غزہ میں جاری جنگ کے باعث دنیا کے مختلف ممالک میں فلسطینی عوام کے حق میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں لوگ جنگ کے خاتمے اور فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ 


Share: