ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک ۔ گوا گھاٹ پرشدید لینڈ سلائیڈنگ؛ بھاری گاڑیوں کی آمدورفت 60 دنوں کے لیے بند

کرناٹک ۔ گوا گھاٹ پرشدید لینڈ سلائیڈنگ؛ بھاری گاڑیوں کی آمدورفت 60 دنوں کے لیے بند

Sat, 05 Jul 2025 22:52:32    S O News
کرناٹک ۔ گوا گھاٹ پرشدید لینڈ سلائیڈنگ؛ بھاری گاڑیوں کی آمدورفت 60 دنوں کے لیے بند

کاروار/جنوبی گوا، 5 جولائی: اترکنڑا اور پڑوسی ریاست گوا میں جاری مسلسل موسلادھار بارش کے باعث انموڈ گھاٹ کے نیشنل ہائی وے-748 پر ایک بڑا لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں کرناٹک اور گوا کے درمیان گاڑیوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔

اتر کنڑا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم. نارائن نے رام نگر سے گوا کی طرف سفر کرنے والے تمام مسافروں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر بھاری گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو متنبہ کیا کہ وہ اس راستے کا استعمال نہ کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔

ذرائع کے مطابق، ہفتہ کے روز دودھ ساگر مندر کے قریب سڑک کا ایک بڑا حصہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دھنس گیا۔ یہ وہی مقام ہے جہاں جمعہ کو تقریباً 50 میٹر تک دراڑیں دیکھی گئی تھیں۔ اگرچہ گوا پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ نے عارضی مرمت کی کوشش کی، مگر مسلسل مٹی کے کٹاؤ کے باعث اگلے ہی دن یعنی آج سنیچر کو سڑک کا 30 میٹر حصہ مکمل طور پر بیٹھ گیا۔

صورتحال کے پیش نظر، جنوبی گوا کی ڈپٹی کمشنر اور ضلع مجسٹریٹ ایگنا کلیٹس (IAS) نے نیشنل ہائی وے-748 پر کرناٹک کی جانب سے گوا کے پانڈہ کی طرف بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی کا سرکاری حکم جاری کیا ہے۔ موٹر وہیکل ایکٹ 1988 کی دفعہ 115 اور 116 کے تحت نافذ کی گئی یہ پابندی 2 ستمبر 2025 تک برقرار رہے گی۔ البتہ ضروری خدمات اور مسافر بسوں کو اس حکم سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

کرناٹک اور گوا کی پولیس ٹیموں نے پی ڈبلیو ڈی افسران کے ساتھ متاثرہ مقام کا معائنہ کیا اور مزید لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کی نشاندہی کی۔ گوا پولیس نے جائے وقوعہ پر بیریکیڈز نصب کرتے ہوئے ہلکی گاڑیوں کی محدود یکطرفہ آمدورفت کی اجازت دی ہے، جو کڑی نگرانی میں جاری ہے۔

حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کاروار یا بیلگاوی کے راستے متبادل سڑکوں کا استعمال کریں۔ پی ڈبلیو ڈی (این ایچ) فاتوردا ڈویژن کے ایگزیکیٹیو انجینئر کو فوری طور پر مرمتی کام شروع کرنے اور 60 دنوں کے اندر سڑک کی پائیداری سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

جوئیڈا- رام نگر- گوا شاہراہ، جو دونوں ریاستوں کے درمیان ایک اہم رابطہ ہے، اس وقت جزوی طور پر بند ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انموڈ گھاٹ کے راستے غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تاوقتیکہ صورتحال معمول پر آجائے۔

Click here for report in English


Share: