کمٹہ 2 اکتوبر (ایس او نیوز): اُترا کنڑا ضلع کے کمٹہ تعلقہ میں دیوی منے گھاٹ کے مستی ہلّی علاقے میں ایک سرکاری بس سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں بھٹکل کی 40 سالہ خاتون پروین کی موت ہوگئی، جبکہ 12 سے زائد مسافر زخمی ہوئے۔ حادثہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو پیش آئی۔ مہلوک خاتون پروین کے تعلق سے مزید جانکاری نہیں مل سکی کہ وہ بھٹکل کے کس علاقے کی رہائشی تھی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بس باگل کوٹ سے سرسی کے راستے بھٹکل ہوکردھرمستھلا جارہی تھی۔ دیوی منے گھاٹ کے مستی ہلّی کے قریب ایک تنگ اور خطرناک موڑ پر ڈرائیور کے قابو سے بس باہر ہوگئی اور سڑک کے کنارے موجود حفاظتی رکاوٹ کو توڑتے ہوئے گہری کھائی میں جاگری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کمٹہ پولیس اسٹیشن کے PSI قادر اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے۔ مقامی افراد کی مدد سے کھائی میں پھنسے زخمی مسافروں کو باہر نکالا گیا اور انہیں کمٹہ کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔
کمٹہ پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور چھان بین جاری ہے۔
