بھٹکل، 5 جون (ایس او نیوز): بھٹکل سمیت اطراف کے علاقوں میں جمعرات شام شروع ہونے والی موسلادھار بارش کچھ دیر کے وقفے کے بعد دیر رات مزید تیز ہوگئی اور جمعہ صبح تک بھٹکل سمیت پورے ساحلی کرناٹکا میں زور دار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بارش کے باعث عوام نے شدید گرمی سے راحت محسوس کی، تاہم دیر رات بجلی کی فراہمی منقطع ہوجانے سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
جمعرات شام قریب ایک گھنٹے تک زور دار بارش کے بعد مختصر وقفہ رہا، لیکن رات گئے بارش میں دوبارہ شدت آگئی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہوگیا، جبکہ درجۂ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ہیسکام حکام کے مطابق کمٹہ۔ہوناور 110 کے وی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی پیدا ہونے کے باعث رات تقریباً ایک بجے بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔ بعد ازاں خرابی دور کیے جانے کے باوجود بھٹکل کی 33 کے وی لائن میں فاولٹ سامنے آنے سے بجلی کی بحالی میں تاخیر ہوئی۔ نتیجتاً تقریباً 14 گھنٹوں تک سپلائی بحال نہ ہوسکی اور جمعہ کی سہ پہر قریب چار بجے بجلی کی فراہمی بحال کی گئی۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) بنگلورو نے مانسون کی سرگرمیوں میں تیزی کے پیش نظر اُترا کنڑ ضلع کے لیے آئندہ پانچ دنوں کے لیے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ نے اس دوران مسلسل بارش، گرج چمک، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
آئی ایم ڈی کی ضلع وار پیش گوئی کے مطابق اُترا کنڑ ضلع 10 جون تک "کارروائی کے لیے تیار رہیں" کے زمرے میں رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ساحلی کرناٹک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے ساتھ گرج چمک اور 50 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار والی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔