مڈگاوں 8/ڈسمبر (ایس او نیوز): شمالی گوا کے آرپورا میں واقع معروف نائٹ کلب میں اتوار کی علی الصبح بھڑکنے والی خوفناک آگ سے مرنے والوں کی تعداد 22 سے بڑھ کر 25 ہوگئی اور حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دہلی کے چار اور بینگلورو (کرناٹک)سے تعلق رکھنے والا ایک سیاح سمیت 20 افراد نائٹ کلب کے اسٹاف ممبران تھے۔
تمام ہلاک شدگان کی شناخت کرلی گئی ہے، جن کا تعلق کئی مختلف ریاستوں سے ہے جن میں جھارکھنڈ، اترپردیش، اتراکھنڈ، آسام، مغربی بنگال، مہاراشٹر اور نیپال شامل ہیں۔ بنگلورو کے رہائشی اسحاق بھی اس سانحے میں لقمہ اجل بن گئے۔ ذرائع کے مطابق اسحاق آتشزدگی کے وقت نائٹ کلب سے باہر نکل چکے تھے لیکن اپنا موبائل فون اندر رہ جانے کے سبب دوبارہ اندر داخل ہوئے اور اسی دوران آتشزدگی نے انہیں گھیر لیا جس سے وہ دھوئیں اور جھلسنے کے باعث جانبر نہ ہوسکے۔
متوفین کی شناخت اس طرح کی گئی ہے: موہت (جھارکھنڈ)، پردیپ مہتو (جھارکھنڈ)، بنود مہتو (جھارکھنڈ)، راہل تانتی (آسام)، ستیش سنگھ (اتراکھنڈ)، منوجیت مال (آسام)، چُرنا بہادر پن (نیپال)، سورندر سنگھ (اتراکھنڈ)، سُبھا ش چھیتری (دارجیلنگ، مغربی بنگال)، جیتندر سنگھ (اتراکھنڈ)، سُميت نیگی (اتراکھنڈ)، منش سنگھ (اتراکھنڈ)، ویبیک کاٹوال (نیپال)، سبین (نیپال)، سنیل کمار (اتر پردیش)، دگمبر پاتیر (آسام)، راہن سنگھ (اترپردیش)، ڈومینک (مہاراشٹر)، منوج جورا (مہاراشٹر)، سدِیپ (نیپال)، اسحاق (کرناٹک)، سروج جوشی (دہلی)، وِنود کمار (دہلی)، انیتا جوشی (دہلی) اور کملہ جوشی (دہلی)۔
چشم دیدوں کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت کم از کم ایک سو افراد ڈانس فلور پر موجود تھے۔ اچانک آگ بھڑکنے اور زبردست دھوئیں کے سبب بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد نچلی منزل کی طرف بھاگتے ہوئے بری طرح پھنس گئے جہاں زیادہ تر ہلاکتیں ہوئیں۔
وائرل وڈیو فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ کلب میں شعلے فلم کے گیت پر ڈانس جاری تھا کہ اچانک چھت کی طرف سے اگ بھڑک اٹھی، دیکھتے ہی دیکھتے دھواں پھیلنا شروع ہوگیا۔
بتایا گیا ہے کہ متعلقہ نائٹ کلب تک پہنچنے کاراستہ تنگ ہونے کے سبب امدادی کاموں میں بھی رکاوٹ پیدا ہوئی کیونکہ فائر ٹینڈرز کو تقریباً 400 میٹر دور روک کر آگ بجھانے کی کوشش کرنی پڑی۔
Click here to watch video report