ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / آندھرا۔ تلنگانہ بارڈر پر بس کھائی میں گرگئی، 9 ہلاک، 23 سے زائد زخمی

آندھرا۔ تلنگانہ بارڈر پر بس کھائی میں گرگئی، 9 ہلاک، 23 سے زائد زخمی

Fri, 12 Dec 2025 06:40:11    S O News
آندھرا۔ تلنگانہ بارڈر  پر بس کھائی میں گرگئی، 9 ہلاک، 23 سے زائد زخمی

چنٹورو 12دسمبر (ایس او نیوز): آندھرا پردیش کے چنٹورو اور بھدراچلم کے درمیان گھاٹ روڈ پر جمعہ کی علی الصبح پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں نو افراد کی موت ہوگئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک نجی مسافر بس، جو پڑوسی ریاست تلنگانہ جارہی تھی، کھائی میں گر کر الٹ گئی۔ حادثے میں 23 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، جن میں چار کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

حکام کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 4 بجے تولسی پکالو گاؤں کے قریب اس وقت پیش آیا، جب بس ایک تیز موڑ پر بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔ ابتدائی شبہ ہے کہ گھنے کہرے کی وجہ سے ڈرائیور شاید موڑ کا درست اندازہ نہیں لگا سکا۔

ap=accident-1

پولیس کے مطابق بس چتور ضلع سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کو لے جارہی تھی۔ وہ بھدراچلم کے سری رام مندر کی زیارت کے بعد اناورم جانے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ حادثے کے وقت ڈرائیور اور کلینر سمیت مجموعی طور پر 37 افراد بس میں سوار تھے، جن میں سے چھ افراد محفوظ رہے۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) امیت بَردر نے بتایا کہ ’’بس کھائی میں گرنے کے بعد اُلٹ کر نیچے والی سڑک پر پھنس گئی تھی۔ کم از کم 9 افراد موقع پر دم توڑ گئے، جبکہ 23 زخمی ہیں جن میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ تفتیش کے مطابق حادثہ چنٹورو–ماریدوملّی گھاٹ روڈ پر درگا مندر کے قریب واقع ’چائنا وال‘ کے پاس ہوا، جو حفاظتی دیوار کے طور پر تعمیر کی گئی ہے۔

پولیس حکام نے مزید کہا کہ ’’ہمیں مزید اموات کا اندیشہ نہیں ہے، اور شدید زخمیوں کا علاج بہتر طریقے سے جاری ہے۔‘‘ زخمیوں کو فوری طور پر چنٹورو اسپتال اور قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں اضافی طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

حادثے کے سلسلے میں موتھوگڈیم پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے زخمیوں کے علاج اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ سرکاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ زخمیوں کو بہتر نگہداشت کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے اور امدادی کارروائیاں تیزی سے انجام دی گئی ہیں۔

Click here for report in English


Share: