بھٹکل، 20 ستمبر (ایس او نیوز): عوامی تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے مقصد سے کریٹیو فرینڈس اسپورٹس اینڈ کلچرل ایسوسی ایشن، بھٹکل نے موڈ بھٹکل–مٹّلی علاقے کے تین اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرتے ہوئے اس کی نگرانی اور نظام پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
کیمرے موڈ بھٹکل بائی پاس، موڈ بھٹکل ہیباگل کراس اور مٹّلی ریلوے اسٹیشن کراس پر نصب کیے گئے۔
سٹی پولیس تھانے کے پی ایس آئی نوین نائک نے سی سی ٹی وی نظام کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر نوین نائک نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرے جرائم کی روک تھام کے ساتھ کسی واقعے کے بعد ملزمین کی شناخت اور تحقیقات میں اہم ثبوت فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے نوجوانوں کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
مقامی ذمہ دار سرینواس نائک نے کہا کہ قومی شاہراہ اور ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع اس علاقے میں رات کے وقت مشتبہ نقل و حرکت اور چوری جیسے واقعات پر نظر رکھنے میں کیمرے مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے علاقے میں مویشی چوری کے واقعات کے پیش نظر بھی اس اقدام کو اہم قرار دیا۔