ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تعلقہ اسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ کیئر بلاک قائم کرنے کا منصوبہ: یو ٹی قادر

بھٹکل تعلقہ اسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ کیئر بلاک قائم کرنے کا منصوبہ: یو ٹی قادر

Mon, 31 Aug 2026 11:30:18    S O News
بھٹکل تعلقہ اسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ کیئر بلاک قائم کرنے کا منصوبہ: یو ٹی قادر

بھٹکل، 31 اگست (ایس او نیوز): کرناٹک کے وزیر صحت یو ٹی قادر نے بھٹکل تعلقہ اسپتال کو مزید بہتر بنانے اور بڑھتے ہوئے مریضوں کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ماں اور بچے کی نگہداشت کے لیے ایک علیحدہ مدر اینڈ چائلڈ کیئر بلاک قائم کرنے کی بات کہی ہے۔

وزیر صحت نے یہ بات اتوار کو بھٹکل میں تنظیم کی جانب سے منعقدہ تہنیتی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچنے کے موقع پر بھٹکل کے معروف بزنس مین جناب یونس قاضیا کی رہائش گاہ پر ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ بھٹکل تعلقہ اسپتال اس وقت 100 بستروں کی گنجائش رکھتا ہے، تاہم یہاں 130 سے زائد مریض علاج کے لیے ایڈمٹ رہتے ہیں، جس کی وجہ سے اسپتال میں جگہ کم پڑ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں بیڈ کی گنجائش میں اضافہ ضروری ہے اور مقامی رکن اسمبلی منکال وئیدیا کی جانب سے بھی اس سلسلے میں اہم مطالبہ پیش کیا گیا ہے۔

یو ٹی قادر نے کہا کہ اگر اسپتال میں ماہانہ 100 سے زائد زچگیاں ہوتی ہیں تو حکومتی ضوابط کے مطابق ماں اور بچے کے لیے علیحدہ یونٹ قائم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس یونٹ میں بالخصوص حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کے ہائی رسک معاملات کے انتظام اور علاج کو ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ علیحدہ مدر اینڈ چائلڈ کیئر بلاک قائم ہونے سے ماؤں اور بچوں کو ایک ہی چھت کے نیچے ضروری طبی سہولیات دستیاب ہوں گی، جبکہ مرکزی اسپتال پر مریضوں کا دباؤ بھی کم ہوگا۔ اس سے بھٹکل کے علاوہ اطراف کے دیہی علاقوں کے لوگوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

وزیر صحت نے کہا کہ کمٹہ سے بیندور تک معیاری طبی خدمات فراہم کرنے والے اسپتالوں کی کمی ہے اور اس پورے علاقے کے لوگوں کے لیے بھٹکل تعلقہ اسپتال ایک اہم طبی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس لیے بھٹکل سرکاری اسپتال کو ضروری بنیادی سہولیات سے آراستہ کرتے ہوئے مزید ترقی دی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مدر اینڈ چائلڈ کیئر بلاک سمیت اسپتال کی ترقی سے متعلق منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے لیے جلد ہی مقامی رکن اسمبلی اور متعلقہ افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یو ٹی قادر نے کہا کہ بہت جلد ساحلی شہر مینگلور میں حج بھون کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، جو ایک ملٹی پرپس اسلامی سینٹر بھی ہوگا۔

اس موقع پر بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا، انجمن صدر یونس قاضیا، تنظیم صدر عنایت اللہ شاہ بندری، ڈاکٹر زبیر کولا، الطاف کھروری، ادم پنمبور و دیگر موجود تھے۔


Share: