بھٹکل 30 ستمبر (ایس او نیوز ) تمام بی پی ایل راشن کارڈ صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی راشن کارڈ دکانوں پر پہنچ کر اپنے راشن کارڈ کا ای-کے وائی سی (e-KYC) عمل جلد از جلد مکمل کروائیں۔ اس کے لیے پہلے 30 ستمبر کو آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی، تاہم اب اس میں توسیع کرتے ہوئے 20 اکتوبر 2026 تک مہلت دی گئی ہے۔
بھٹکل کے فوڈ انسپکٹر اُدے کمار نے بتایا کہ فی الحال راشن کارڈ دکانوں پر صرف بی پی ایل راشن کارڈ صارفین کے لیے e-KYC کروانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صارفین اپنے متعلقہ علاقے کی راشن دکان پر پہنچ کر یہ کارروائی مکمل کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر جلد از جلد e-KYC کا عمل مکمل کرلیں۔
اس سے قبل ضلع اُترکنڑا کی ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا نے بتایا تھا کہ ضلع بھر میں 5,69,044 راشن کارڈ ممبران نے تقریباً پانچ سال قبل ای-کے وائی سی کروایا تھا، اس لیے ایسے ممبران کے لیے دوبارہ ای-کے وائی سی کروانا ضروری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق، 27 ستمبر 2026 تک ضلع میں 2,44,930 مستفیدین ای-کے وائی سی کا عمل مکمل کرچکے ہیں، جبکہ اب بھی 3,24,114 مستفیدین کا ای-کے وائی سی باقی ہے۔
انہوں نے راشن کارڈ ہولڈروں سے کہا کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر اپنے قریبی راشن دکان پر پہنچ کر ای-کے وائی سی کا عمل مکمل کروائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ای-کے وائی سی مکمل نہیں کیا گیا تو مستقبل میں راشن کارڈ کی بنیاد پر حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف سہولتیں بند ہوسکتی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ای-کے وائی سی کی سہولت مکمل طور پر مفت ہے اور راشن دکانوں پر اس عمل کے لیے کسی قسم کی رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر کوئی راشن دکاندار ای-کے وائی سی کے لیے رقم طلب کرتا ہے تو محکمہ خوراک کی صارفین ہیلپ لائن نمبر 1967 پر شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ تحصیلدار دفتر کے فوڈ سپرنٹنڈنٹ یا فوڈ انسپکٹر سے بھی رجوع کیا جاسکتا ہے۔