بھٹکل 8؍ دسمبر (ایس او نیوز): انجمن گرلس انگلش میڈیم ہائی اسکول نوائط کالونی میں اتوار کو منعقدہ سالانہ گیدرنگ کے موقع پر اسکول کی ہونہار طالبات ذینب صفیٰ بنت عبدالسمیع گوائی اور شِیزابنت ندیم احمد شابندری کو مشترکہ طور پر دُخترِ انجمن کے گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازے جانے کا اعلان کیا گیا، یہ ایوارڈ 14 ڈسمبر کو منعقدہ انجمن ڈے کی خصوصی تقریب میں دیا جائے گا۔
انجمن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سالانہ گیدرنگ نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں طالبات کی ہمہ جہت صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ اسٹیج پر کی گئی تقاریر میں نوجوان طالبات کو سماجی رکاوٹیں توڑتے ہوئے آگے بڑھنے، خود اعتمادی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے اور اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے مستحکم عزم رکھنے پر خصوصی زور دیا گیا۔
پروگرام صبح 10 بجے قرأتِ کلامِ پاک سے شروع ہوا جسے نویں جماعت کی طالبہ روضہ نے پیش کیا۔نعت اور ترانہ انجمن کے بعد مہمانوں کا تعارف اور استقبالیہ کلمات فاطمہ حفصہ نے پیش کیا جبکہ سالانہ اسکول رپورٹ اسکول کی ہیڈمسٹریس صباح دامدا نے پیش کیا۔
پروگرام کی مہمانِ خصوصی ایم بی بی ایس ڈاکٹر نئیّارین نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں لڑکیوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ محنت کو اپنا شعار بنائیں، اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں اور معاشرتی دقیانوسی تصورات کو چیلنج کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔ اعزازی مہمان کے طور پر تشریف فرما محترمہ وِنوتھا ایچ (بلاک ریسورس پرسن، بھٹکل) نے اپنی تقریر میں کہا کہ تعلیم اور مسلسل محنت زندگی میں کامیابی کی مضبوط بنیاد ہے۔
صدرِ اجلاس محترمہ سیما قاشِمجی نے اپنے خطبۂ صدارت میں اسکول کی کامیابیوں، طالبات کی محنت اور اساتذہ کے تعاون کو سراہا۔
آخر میں اسکول میں ہونے والے مختلف نصابی، غیر نصابی اور اسپورٹس کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو مہمانان کے ہاتھوں انعامات اور ایوارڈس تقسیم کئے گئے۔ محترمہ عائشہ فصیحہ نے کلمہ تشکر پیش کیا۔
اسٹیج پروگرام کے بعد رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے جن میں ڈرامے، نظمیں، ملی نغمے، رقصِ روایتی اور تخلیقی سرگرمیوں کے ذریعے طالبات نے اپنی بے مثال صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اساتذہ، والدین اور اسکول انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے تقریب نہایت خوشگوار اور یادگار لمحات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔