بھٹکل، 13 ستمبر (ایس او نیوز): علی پبلک پری یونیورسٹی کالج بھٹکل کی طالبات نے ’’اینڈ دی کینسر 2026‘‘ مہم کے تحت کمٹہ کے ڈاکٹر اے وی بالیگا کالج آف آرٹس اینڈ سائنس میں منعقدہ ضلعی سطح کے کوئز مقابلے میں اول، دوم اور چہارم مقام حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
کالج کی پرنسپال کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، ضلعی سطح کے فائنل مقابلے کا انعقاد اُترا کنڑا کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر آفس کے تعاون سے کیا گیا، جس میں ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اداروں کے اسٹوڈینٹس نے شرکت کی۔
اول مقام عائشہ بنت محمد فائق اُدیاور اور سارہ شہزین بنت عبدالباسط برماور نے حاصل کیا۔ دوم مقام عائشہ حرا تونسے بنت محمد اسماعیل تونسے اور اُمّ سلمیٰ بنت محمد عزیر رکن الدین نے حاصل کیا، جبکہ فاطمہ سمیحہ بنت عبدالعزیز اکرمی اور فاطمہ تہنی بنت محمد طلحہ عجائب نے چہارم مقام حاصل کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق، ضلعی سطح پر تین مقامات حاصل کرنا علی پبلک پی یو کالج کے لیے ایک نمایاں کامیابی ہے، جبکہ مقابلے کے دوران طالبات نے اپنی معلومات، خود اعتمادی، ٹیم ورک اور فوری فیصلہ کرنے کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
علی پبلک کی انتظامیہ اور پرنسپال سمیت دیگر اسٹاف نے کامیاب اسٹوڈینٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی محنت، خود اعتمادی اور ٹیم اسپرٹ کی ستائش کی ہے۔