لکھنؤ30مئی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)بھارتی جنتا پارٹی نے ریاستی یونٹ میں نائب صدر اور سابق وزیر شیوپرتاپ شکلا کو راجیہ سبھا کے لئے ہو رہے دو سالہ عام انتخابات میں اپنا امیدوار قرار دیا ہے۔پارٹی کے ریاستی صدر کیشو پرساد موریہ نے نامہ نگاروں کو آج یہاں بتایاکہ ریاستی نائب صدر شیو پرتاپ شکلااترپردیش میں پارٹی کی جانب سے راجیہ سبھا امیدوار بنائے گئے ہیں جبکہ قانون ساز کونسل کے لئے بھوپندر چودھری اور دیاشکر سنگھ پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔راجیہ سبھاکے لئے اتر پردیش سے11سیٹوں اور ریاست قانون ساز کونسل کی 13نشستوں کے لئے انتخابات ہو رہے ہیں۔اترپردیش اسمبلی کی کل اراکین کی تعداد403ہے اور اس لحاظ سے راجیہ سبھا کے ایک امیدوار کی جیت کے لئے 37ممبران اسمبلی کے ووٹ کی ضرورت ہوگی جبکہ بی جے پی کے ارکان کی تعداد41ہے۔شکلا کل نامزدگی کے آخری دن اپنا پرچہ داخل کریں گے۔قانون ساز کونسل میں ایک رکن کی فتح کیلئے32ووٹ چاہئیں جسے دیکھتے ہوئے بی جے پی کو اپنے دوسرے امیدوار کی جیت کے لئے سخت توڑجوڑکرنی ہوگی۔دوسرے امیدوار کی جیت کے بارے میں پارٹی کی حکمت عملی کے بارے میں پوچھنے پر موریہ نے کہاکہ نتائج کاانتظارکیجئے،ہمیں اپنی جیت کا یقین ہے۔موریہ نے 2017میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے 265سے زیادہ سیٹیں جیتنے کا ہدف حاصل کر لینے کے تئیں بھی اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور کہاکہ عوام ریاست کو ایس پی-بی ایس پی سے آزاد کرنا چاہتی ہے اور بی جے پی کو 265سے زیادہ نشستیں ملیں گی۔اسمبلی انتخابات میں وزیراعلیٰ کے عہدے کے لئے کسے سامنے لایا جائے گا؟۔ اس سوال پر بی جے پی صدر نے کہا کہ یہ فیصلہ پارٹی کا پارلیمانی بورڈ کرے گا۔پریس کانفرنس کے دوران دوسری جماعتوں سے آئے کئی اہم لیڈران نے بی جے پی کی رکنیت حاصل کی ۔