انکولہ 17 / دسمبر (ایس او نیوز) انکولہ تعلقہ کے ونلّی کی رہنے والی اور 'وروکشا ماتے' [درختوں کی ماں] اور 'جنگلوں کی انسائیکلو پیڈیا' کے نام سے پہچانی جانے والی پدم شری ایوارڈ یافتہ تلسی گوڈا (86 سال)انتقال کر گئیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے عمر رسیدگی کی وجہ سے پیش آنے والے امراض کا شکار تھیں ۔
جنگلوں میں بسنے والے ھالکّی قبیلے میں جنم لے کر جنگلاتی ماحول میں پرورش پانے والی تلسی گوڈا کے اندر 12 سال کی کم عمر میں ہی درختوں اور قدرتی ماحول کے ساتھ گہری انسیت پیدا ہوگئی تھی ۔ تلسی نے اپنی پوری زندگی ماحولیات کے تحفظ کے لئے وقف کر دی تھی اور زندگی کے 60 سال اس تعلق سے عوام میں بیداری لانے کی سمت میں صرف کیے تھے ۔ قدرتی ماحول ، درختوں اور پودوں کی خصوصیات سے متعلق تلسی کی معلومات کا خزانہ اتنا وسیع تھا کہ وہ مقامی طور پر 'جنگلوں کی انسائیکلو پیڈیا' کے نام سے معروف تھیں ۔
انتہائی کم عمری میں اپنے شوہر کے فوت ہونے پر تلسی گوڈا نے یومیہ مزدور کی حیثیت سے محکمہ جنگلات میں ملازم ہوگئیں ۔ اس کے بعد جنگلات کے فروغ میں اس طرح مگن ہوگئیں کہ اپنے علاقے میں ہر سال 30 ہزار سے زائد پودے بونے، ان کی دیکھ ریکھ کرنے اور لاکھوں درختوں پر مشتمل اپنا خود کا جنگل اگانے کا کارنامہ انجام دیا ۔
اسی پس منظر میں تلسی گوڈا کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اسے دھارواڑ اگریکلچر یونیورسٹی سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی گئی جبکہ ملکی سطح پر سال 2021 میں حکومت ہند کی طرف سے باوقار پدم شری خطاب سے بھی نوازا گیا ۔ اس کے علاوہ ریاستی سطح پر تلسی کو راجیہ اتسوا ایوارڈ بھی تفویض کیا گیا تھا ۔