بنگلورو ، 30/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مصنوعی ذہانت کے انجینئر اتل سبھاش کی مبینہ خودکشی کے بعد ان کے اہل خانہ مسلسل انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اسی دوران ان کی وکیل پریا جین نے حیران کن انکشاف کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اتل سبھاش نے خودکشی نہیں کی، بلکہ ان کا قتل کیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے پریا جین نے فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم میں ایک طالب علم خودکشی کرنے سے پہلے ’آئی کوٹ‘ لکھتا ہے، اور عامر خان کا کردار واضح کرتا ہے کہ یہ خودکشی نہیں بلکہ قتل تھا۔
پریا جین نے کہا کہ اس وقت ملک میں ایسے قوانین موجود ہیں جو پرانے وقتوں کو ذہن میں رکھ کر بنائے گئے تھے، لیکن یہ 2024 ہے اور ایسے قوانین ملک میں اب بھی موجود ہیں جو پرانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اتل سبھاش کے معاملے کی بات کریں تو آپ دیکھیں گے کہ جج نے کس طرح ہنستے ہوئے کہا کہ اگر آپ اتنا کماتے ہیں تو آپ اتنے پیسے دے سکتے ہیں، اس لیے عدالتوں میں صنفی حساسیت کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔
اتل سبھاش پیشے کے لحاظ سے اے آئی انجینئر تھے۔ سال 2019 میں ان کی شادی نکیتا سنگھانیہ سے ہوئی۔ لیکن الزام ہے کہ طلاق کے بعد ان کی بیوی نے ان سے 3 کروڑ روپے مانگے تھے۔ سبھاش کی بیوی نے بھی ان کے خلاف کئی مقدمات درج کرائے تھے۔
اس سب کے بعد اتل سبھاش نے 24 صفحات کا خودکشی نوٹ لکھا اور ایک گھنٹہ 21 منٹ کا ویڈیو بھی بنایا۔ اس میں اس نے اپنی بیوی کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کئے جانے کے بارے میں بتایا تھا۔ ویڈیو میں اس نے اپنی اہلیہ اور اس کے گھر والوں پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔ اس نے الزام لگایا کہ اس کی بیوی اور اس کے اہل خانہ نے ان سے 30 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ وہ اپنے بچے سے مل سکیں۔ اس کے بعد اتل سبھاش کی خودکشی کی خبر آئی اور اس معاملے نے پورے ملک کی توجہ مبذول کرائی۔