ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ایتھوپیا: شادی کی تقریب میں جانے والا ٹرک ندی میں گرا، 66 افراد ہلاک، متعدد زخمی

ایتھوپیا: شادی کی تقریب میں جانے والا ٹرک ندی میں گرا، 66 افراد ہلاک، متعدد زخمی

Tue, 31 Dec 2024 12:46:34  Office Staff   S.O. News Service

ایتھوپیا، 31/دسمبر (ایس او نیوز/ایجنسی )افریقی ملک ایتھوپیا کے ایک دور دراز علاقے میں ایک شدید سڑک حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 66 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اطلاعات کے مطابق، ایک ٹرک جس میں درجنوں افراد سوار تھے، اچانک بے قابو ہو کر پل سے نیچے ندی میں جا گرا۔ حادثے میں 64 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ 2 افراد نے اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔

حادثہ اتوار کا ہے جب ٹرک میں سوار کئی لوگ ایک شادی کی تقریب میں شامل ہونے کے لیے جا رہے تھے۔ ٹرک پرانا اور مخدوش حالت میں تھا۔ پُل پار کرتے وقت یہ توازن برقرار نہیں رکھ سکا اور ندی میں گر گیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس علاقے میں پہلے بھی کئی حادثے ہو چکے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ پُل اور آس پاس کی سڑکیں بے حد خراب ہیں۔ پہلے بھی انتظامیہ سے اس جگہ کو ٹھیک کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا، لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

کہا جا رہا ہے کہ راحت و بچاؤکاری میں تاخیر نے حالات کو انتہائی سنگین بنا دیا۔ زخمیوں کو فوراً طبی امداد نہیں مل سکی جس سے مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ سنگین طور سے زخمی مریضوں کو بہتر علاج کے لیے بڑے اسپتالوں میں بھیجا گیا ہے۔ یہ حادثہ ایتھوپیا کے سڑک سیکورٹی نظام اور ایمرجنسی خدمات کی خامیوں کو ظاہر کرتا ہے۔ خراب سڑک سیکورٹی نظام کی وجہ سے ہی شادی تقریب کا جشن غم کے ماحول میں بدل گیا۔


Share: