پاکستانی سربراہ سے جموں وکشمیر میں اقوام متحدہ کی قرارداد نافذ کرنے کا مطالبہ
جموں21جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ ،سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف انڈیا کے سینئر ایکزیکیوٹیو رکن اور ہند۔فلسطین فرینڈشپ سوسائٹی کے ایکزیکیوٹیو چیرمین پروفیسربھیم سنگھ نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل پرجموں وکشمیر میں اقوام متحدہ کی قرارداد نافذ کرانے پر زور دیں گے جیسی کہ پاکستان کے وزیراعظم نوازا شریف نے گزشتہ روز اقوام متحدہ جنرل سکریٹری سے میٹنگ کے دوران خواہش کا اظہار کیا تھا۔پروفیسربھیم سنگھ نے پاکستان کے ذریعہ جموں وکشمیر میں اقوام متحدہ کی جنوری 1948 کی قراردادکو نافذ نہیں کرنے پر افسوس کا اظہار کیا جس میں اس سے کہا گیا تھا کہ وہ جموں وکشمیر کے تمام قبضہ کئے گئے علاقوں سے اپنی فوج ہٹالے۔اقوام متحدہ میں کئی مرتبہ ناوابستہ یوتھ کانگریس اور جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کی نمائندگی کرچکے پروفیسر بھیم سنگھ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان اور اسرائیلی حکومت پر زور دے کہ وہ اس کی 1948(پاکستان کے لئے) اور قرارداد نمبر 338اور 242(فلسطین کے لئے) سلامتی کونسل کے ذریعہ منظور کردہ قراردادکو نافذ کرے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور اسرائیل دونوں نے تقریباً نصف صدی تک اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی کی ہے او ردونوں کو امریکہ، برطانیہ اور فرانس سمیت دیگر مغربی دنیا غیراخلاقی حمایت دے رہی ہے۔پنتھرس سربراہ نے پاکستانی وزیراعظم کے اس الزام کو خارج کردیا کہ جموں وکشمیر ہندستان اور پاکستان کے درمیان متنازعہ علاقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف تین فریق ہیں پاکستان، چین اور بنگلہ دیش جنہوں نے جموں وکشمیر کے 1947میں ہندستان کے ساتھ الحاق کے بعد اس کے کئی علاقوں پر غیرقانونی قبضہ کررکھا ہے۔ 1982میں پنتھرس پارٹی قائم کرنے والے پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے ملاقات کریں گے نیز ایک وفد بھی بھیجیں گے جو اقوام متحدہ پرزور دے گا کہ وہ پاکستان اور چین کو جموں وکشمیرکے ہندستانی علاقے خالی کرنے کے لئے کہے۔انہوں نے کہاکہ اس سال23مارچ کو پنتھرس پارٹی کے پریڈ گراؤنڈ جموں میں منائے جانے والے 35ویں یوم تاسیس پر اس سلسلہ میں حتمی فیصلہ کیاجائے گا۔