ممبئی،15؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )عالمی شہرت یافتہ اسلامی مفکر ڈاکٹر ذاکر نائک نے اپنی اشتعال انگیزتقریروں سے دہشت گردوں کے متاثر ہونے کے الزامات کو سرے سے مسترد کرتے ہوئے جمعہ کو صفائی پیش کی۔نائیک نے کہاکہ میں اپنی معلومات میں، کبھی بھی کسی دہشت گرد سے نہیں ملا ہوں۔ڈاکٹر نائیک نے یہ بھی کہا کہ وہ تمام طرح کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ساتھ ہی دعوی کیا کہ ان کے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔انہوں نے خود پر لگے اس سے متعلق الزامات کو جھوٹ پرمبنی قرار دیا۔نائیک سعودی عرب کے مدینہ سے اسکائپ کے ذریعے پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔وہ ان دنوں وہاں کہ دورے پر ہیں۔ڈاکٹرذاکرنائیک نے زور دے کر کہا کہ انہوں نے کبھی خود کش حملوں کی وکالت نہیں کی ہے ، بلکہ ہمیشہ ان کی مذمت کی، کیونکہ اس سے معصوم لوگوں کی جانیں جاتی ہیں ، جو اسلام کے خلاف ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے بنگلہ دیش میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں شامل ان دہشت گردوں سے ملاقات کی تھی ، جن کے بارے میں مبینہ طورپرکہا گیا تھا کہ وہ آپ کی تقریرسے متاثرہیں؟۔تو انہوں نے کہاکہ اپنی معلومات میں کبھی بھی کسی دہشت گرد سے نہیں ملاہوں لیکن اگر لوگ میری بغل میں کھڑے ہوکر فوٹو کھنچواتے ہیں تو میں مسکرا دیتا ہوں، میں نہیں جانتا کہ وہ کون ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ میں ایک مہینہ میں ہزاروں لوگوں سے ملتا ہوں۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے دعوی کیا تھا کہ ڈھاکہ کے کیفے میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں شامل دہشت گردوں میں سے کم از کم دو ڈاکٹر نائیک کی تقریر سے متاثر تھے ۔ہندوستان ان دنوں اس الزام اور ڈاکٹر نائیک کی تقریروں ، تحریروں اور اکاؤنٹس کی تحقیقات کر رہا ہے۔