نئی دہلی، 15؍جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ڈیڑھ ماہ پہلے بی جے پی کی دہلی شاخ کے صدر کا عہدہ سنبھالنے والے ممبرپارلیمنٹ منوج تیواری نے اتوار کو تجربہ کار، نوجوان اور خواتین پر مشتمل اپنی نئی ٹیم کا اعلان کردیا ہے ۔تیواری نے سابق صدر ستیش اپادھیائے خیمے کاتقریبا پوری طرح صفایا کرکے نئے عہدیداروں کی تقرری کی ہے۔نئی ٹیم میں جہاں کچھ پرانے ناموں کو دہرایا گیا ہے وہیں ذات پات کو بھی ذہن میں رکھا گیا ہے۔پنجابی اور ویشیہ کمیونٹی کی ناراضگی کو کم کرنے کی کوششوں کے تحت کچھ نئے ناموں کو شامل کیا گیا ہیں جبکہ جاٹ اور گوجروں کو بھی مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔تیواری کی اس ٹیم کا مقصد اس سال ہونے والے مشرقی، شمالی اور جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں اچھی کارکردگی کر کے کارپوریشن پر قبضہ برقرار رکھنا ہے۔اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو ملی کراری شکست کے بعد سے ہی پارٹی کو کارپوریشن کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی سے خطرہ محسوس ہو رہا ہے۔دہلی میں پارٹی کی شکست کے بعد سے ہی ستیش اپادھیائے کو عہدے سے ہٹائے جانے کی قیاس آرائی تیز ہو گئی تھی ۔پارٹی نے دہلی میں پوروانچل ووٹ بینک کو ذہن میں رکھتے ہوئے منوج تیواری کو موقع دیا ہے اور وہ پوروانچل کے ساتھ ساتھ جھگی جھونپڑی والی بستیوں کے رائے دہندگان کو لبھانے میں مصروف ہو گئے ہیں۔تیواری کی طرف سے مقرر کئے گئے 8 نائب صدور میں جے پرکاش (جے پی)، ابھے ورما اور شکھا رائے کو دوبارہ ان عہدوں پر موقع دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ موہن سنگھ بشٹ، شاذیہ علمی، کمل جیت سہراوت، راجیو ببر اور سردار کلونت سنگھ باٹھ شامل ہیں۔3 چیف سکریٹریوں میں کلجیت سنگھ چہل، رویندر گپتا، راجیش بھاٹیہ ہیں جبکہ تنظیمی جنرل سکریٹری کے عہدے پر سدھارتھن کو دوبارہ موقع دیا گیا ہے۔ستیش اپادھیائے کی ٹیم میں جنرل سکریٹری کا عہدہ سنبھالنے والے جنوبی دہلی سے ممبر پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی کو اس بار موقع نہیں دیا گیا ہے لیکن ان کے بھتیجے وکرم بدھوڑی کا نام شامل ہے۔9سکریٹری بنائے گئے ہیں جن میں وکرم بدھوڑی، گجیندر یادو، ستیندر سنگھ، شوبھا اپادھیائے، پریتی اگروال، گنجن نرولا، راجیش لاوڑیا، پون مونگا اور میناکشی شامل ہیں۔ترجمانوں میں امن سنہا، ہریش کھرانہ اور اشونی اپادھیائے کو دوبارہ موقع دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ نوپور شرما، نوین کمار اور اشوک گوئل کو بھی ترجمان بنایا گیا ہے۔یوا مورچہ کا صدر سنیل یادو، خاتون مورچہ کی صدر پونم پراشر، کسان مورچہ کا صدر مکیش مان ، درج فہرست ذات مورچہ کا صدر موہن لال گہارا، پوروانچل مورچہ کا صدر وپن سنگھ، اوبی سی مورچہ کا صدر گورو کھاری کو بنایا گیا ہے۔