پٹنہ،30جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مرکزی بی جے پی حکومت کے وزیر رادھاموہن سنگھ کی ایک تصویر سوشل میڈیا میں بڑی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وزیر رادھاموہن سنگھ سیکورٹی گارڈس کی موجودگی میں ایک کھلی جگہ پر عمارت کی دیوار پر پیشاب کرتے نظر آ رہے ہیں،کسی نے مرکزی وزیر کی یہ تصویر کھینچ ڈالی اور سوشل میڈیا پر ڈال دی۔اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد لوگ مرکزی حکومت کی صفائی مہم (سوچ ابھیان) کو لے کر طنز کر رہے ہیں۔
یہ تصویر کہاں کی اور کب کی ہے، اس کی صحیح جانکاری نہیں مل سکی ہے، لیکن اس تصویر کے بہانے مرکزی حکومت کا مذاق ضرور اڑایا جا رہا ہے۔راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)کے ٹوئٹر ہینڈل سے دو تصاویر کے ساتھ کیپشن ٹویٹ کیا گیا ہے، کہ سخت سیکورٹی کے درمیان مرکزی وزیرخشک متاثرہ علاقے میں آبپاشی منصوبے کا آغاز کرتے ہوئے۔ان پر سوچھ بھارت ابھیان کا بھی مذاق اُڑانے کا الزام لگایا گیا ہے!۔اس ٹویٹ کو آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو اور ان کے بیٹے اور بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو نے ری ٹویٹ کیا۔تیجسوی نے ری ٹویٹ کرکے لکھاکہ تصویر میں لال بتی تلاش کرو تو جانیں۔
بہت سے عام لوگوں نے بھی اس تصویر کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے مرکزی حکومت پر طنز کسا ہے۔ایک شخص نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا، سوچھ بھارت مہم کو کامیاب کرنے لگے مرکزی وزیر تو اچھی خاصی بلڈنگ کی بیرونی دیوار گرانے میں ہی لگ گئے۔بی جے پی کے ترجمان راجیو رنجن نے کہا کہ اس میں کچھ بھی غلط نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پیشاب ایک قدرتی چیز ہے،اسے طویل وقت تک روکا نہیں جا سکتا،طویل سفر پر کہیں جانے کے دوران راستے میں تمام جگہوں پر عوامی پیشاب خانے نہیں ہیں۔