ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ مار پیٹ بہار میں ہوئی ہوتی تو جنگل راج کہہ کر بدنام کیاجاتا :لالو

سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ مار پیٹ بہار میں ہوئی ہوتی تو جنگل راج کہہ کر بدنام کیاجاتا :لالو

Tue, 31 Jan 2017 09:53:35  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 30؍جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اپنی فلم ’پدماوتی‘ کو لے کر ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ راجستھان میں ہوئی مار پیٹ کے واقعہ کے بعد آرجے ڈی چیف لالو یادو اور بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو نے بی جے پی پر نشانہ سادھا ہے۔تیجسوی نے لکھا ہے کہ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاست راجستھان میں جو کچھ ہوا، وہ بہت افسوس ناک بات ہے۔ہندوستانیوں کو آپس میں لڑانا ان کے ڈی این اے میں شامل ہے، اگر سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ یہ واقعہ بہار میں ہوا ہوتا، تو جنگل راج کہہ کر اس پر ذرائع ابلاغ میں گرما گرم بحث ہورہی ہوتی ، اس کے ساتھ ہی انہوں نے بالی وڈ کو بہار میں شوٹنگ کرنے کے لیے مدعو بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ بالی وڈ کے لوگ بہار آئیں اور یہاں تاریخی مقامات کے ساتھ ساتھ آرٹ اور ثقافت کو بھی دکھائیں، بہار میں انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرائی جائے گی۔وہیں دوسری طرف لالو نے ٹوئٹ میں لکھا ’ بہار ہوتا تو بھاجپائی میڈیاوالے نسل پرستی اور جنگل راج کا رائتا پھیلا کر بہار کو بدنام کر رہے ہوتے ، بی جے پی کی حکمرانی والی ریاست ہے تو یہ میڈیا والے سب خاموش ہیں ۔قابل ذکر ہے کہ بالی ووڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی پر فلم ’ پدماوتی‘ کی شوٹنگ کے دوران حملہ ہوا تھا۔جے گڑھ قلعہ میں چل رہی شوٹنگ کے درمیان مظاہرین نے بھنسالی کو تھپڑ مار دیا تھا،حالانکہ آج خبر آئی ہے کہ کرنی سینا اور سنجے لیلا بھنسالی کے درمیان سمجھوتہ ہو گیا ہے اور بھنسالی نے خط لکھ کر کرنی سینا کو بھروسہ دلایا ہے کہ فلم میں قابل اعتراض مناظر نہیں ہیں ۔


Share: