نئی دہلی، 30/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے سی بی آئی کے سابق ڈائریکٹر رنجیت سنہا کی اس عرضی کو نامنظور کر دیا ہے جس میں انہوں نے اپنے خلاف کوئلہ گھوٹالے میں تحقیقات میں خلل ڈالنے اور ملزمان کو بچانے کے معاملے میں سی بی آئی جانچ کے سپریم کورٹ کے حکم کو منسوخ کرنے کی اپیل کی تھی۔رنجیت سنہا نے سہارا-برلا گروپ کے چھاپے کے دوران ملی ڈائری کی بنیاد پر تحقیقات سے انکار کرنے کے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو بنیاد بناتے ہوئے درخواست دائر کی ہے۔جسٹس ایم بی لوکر کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ اس معاملے میں پہلے ہی ہدایت جاری کی جا چکی ہے۔گزشتہ 23/جنوری کو سپریم کورٹ نے رنجیت سنہا کے خلاف سی بی آئی جانچ کی ہدایت دی تھی۔واضح رہے کہ ان کے خلاف اپنے عہدے کا غلط استعمال کرکے کوئلہ گھوٹالے کے ملزمان کے حق میں کام کرنے کا الزام ہے۔کورٹ نے کہا تھا کہ ہمیں ایسا لگتا ہے کہ رنجیت سنہا نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے۔سپریم کورٹ نے سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کو ہدایت دی تھی کہ اس کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی کی تشکیل کریں اور جانچ میں مرکزی ویجلینس کمیشن کو اعتماد میں لے کر کام کریں۔سی بی آئی کے سابق خصوصی ڈائریکٹر ایم ایل شرما کے پینل نے رنجیت سنہا کو کوئلہ گھوٹالے کی جانچ کو متاثر کرنے کا مجرم پایا ہے۔سپریم کورٹ نے سی بی آئی ڈائریکٹر کو یہ بھی ہدایت دی تھی کہ وہ ایس آئی ٹی کی تشکیل کے بارے میں بتائیں اور یہ بھی بتائیں کہ اس تحقیقات کو مکمل کرنے میں کتنا وقت لگے گا۔واضح رہے کہ ’کامن کاز‘نامی این جی او کی جانب سے مشہور وکیل پرشانت بھوشن نے رنجیت سنہا پر ٹو جی اور کوئلہ گھوٹالے کے ملزمان کو بچانے کا الزام لگاتے ہوئے درخواست دائر کی ہے۔جب رنجیت سنہا سی بی آئی ڈائریکٹر تھے،اسی وقت سپریم کورٹ نے 22 /نومبر 2014کو انہیں 2 -جی گھوٹالے کی جانچ سے الگ کر دیا تھا۔