نئی دہلی، 25؍جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات سے پہلے ایک بار پھر بی جے پی نے رام مندرکا راگ الاپا ہے۔بی جے پی ریاستی صدرکیشوپرساد موریہ نے کہا ہے کہ رام مندرکی تعمیر الیکشن کے بعد ہی ہوگی ، حالانکہ بعد میں انہوں نے صاف کیا کہ انہوں نے ایسا کچھ نہیں کہا ہے، ان کے بیان کا غلط مطلب نکالا جا رہا ہے۔دراصل بدھ کو دئیے ایک بیان میں موریہ نے کہا تھا کہ رام للا کو عظیم الشان مندر دو ماہ میں نہیں بننے جا رہا ہے، یہ انتخابات کے بعد ہی بنے گا۔رام مندر ہمارے عقیدے سے جڑامسئلہ ہے، اس وقت کوئی مسئلہ نہیں ہے۔موریہ نے دعوی کیا کہ بی جے پی 300سے زیادہ سیٹیں جیت کرریاست میں حکومت بنائے گی۔اس انتخاب کے اہم ایشو گورننس، بدعنوانی اور جرائم ہیں ، ہم اسے ختم کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ ایودھیا میں رام مندرکی تعمیر ہمیشہ بی جے پی کے ایجنڈے کا حصہ رہا ہے، لیکن الیکشن در الیکشن اسے لے کر صرف سیاست ہی ہوتی آئی ہے۔