ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جگدل پور-بھونیشور ٹرین حادثہ:36مسافرین جاں بحق ، ریلوے کو پٹریوں سے چھیڑ چھاڑ کا شک

جگدل پور-بھونیشور ٹرین حادثہ:36مسافرین جاں بحق ، ریلوے کو پٹریوں سے چھیڑ چھاڑ کا شک

Mon, 23 Jan 2017 11:42:54  SO Admin   S.O. News Service

بھونیشور،22؍جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)آندھرا پردیش کے وجے نگرم ضلع کے کنیرو اسٹیشن کے قریب 18448جگدل پور-بھونیشور ہیراکھنڈ ایکسپریس کا انجن اور 9 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ایسٹ کوسٹ ریلوے کے مطابق، اس حادثے میں اب تک 36لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔وہیں 100سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے، مہلوکین کی تعدادمیں مزید اضافہ کا امکان بتایا جارہا ہے۔حادثہ سنیچر کی رات 11بجے پیش آیا ہے ۔ریلوے کے وزیر سریش پربھو اور ریلوے بورڈ کے چیئرمین نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ریلوے کے ترجمان انل سکسینہ نے کہاکہ ابتدائی تحقیقات میں ریلوے نے پایا ہے کہ حادثہ ٹریک میں فریکچر کی وجہ سے ہوا ہے۔کمشنر برائے ریلوے سیفٹی کی جانچ کے بعد ہی حقیقت سامنے آئے گی کہ فریکچر موسم میں تبدیلی سے ہوا تھا ، دیکھ بھال میں خامی کی وجہ سے ہوا ، یا پھر اس کے پیچھے کو ئی سازش ہے ۔واضح رہے کہ کنیرو اسٹیشن کے آس پاس نکسلی علاقہ ہے،ایسے میں ریلوے نے حادثے کے پیچھے ٹریک سے چھیڑ چھاڑ ہونے کا بھی شک ظاہر کیا ہے۔ادھر، اڑیسہ کے ڈی جی پی کے بی سنگھ نے حادثے میں نکسلیوں کا ہاتھ ہونے سے انکار کیا ہے۔انیل سکسینہ نے کہاکہ معاملہ اس لیے گڑبڑ لگ رہا ہے، کیونکہ اس ٹریک سے دو گھنٹے پہلے ہی ایک مال گاڑی گزری تھی۔پیٹرولنگ ٹیم نے بھی ہفتہ کو ٹریک کو صحیح پایا تھا۔ہیراکنڈ ایکسپریس کے ڈرائیور کو بھی حادثے سے پہلے زوردار جھٹکا محسوس ہواہے ، اس نے ایک دھماکے کی آواز بھی سنی تھی، اس کے بعد اس نے ایمرجنسی بریک لگا دیا ۔یہ نکسلزم متاثرہ علاقہ ہے اور حادثہ یوم جمہوریہ سے عین قبل پیش آیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ریلوے کو اس حادثے کے پیچھے کسی سازش کا شک ہے۔اس حادثے پر خود ریلوے کے وزیر سریش پربھو نظر رکھے ہوئے ہیں۔حادثے کے بعد وہ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اے کے متل کے ساتھ جائے حادثہ پر بھی پہنچے۔وزیر اعظم نریندر مودی اورصدر پرنب مکھرجی سمیت کئی لیڈروں اور مشہورشخصیات نے اس حادثے میں لوگوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔حادثے کے بعد این ڈی آر ایف کی ٹیم بچاؤآپریشن میں مصروف ہے ، ٹریک کو جلد سے جلد ٹھیک کرنے کی کو شش کی جا رہی ہے ۔حادثے میں ہلاک ہوئے آندھرا پردیش کے لوگوں کے خاندان کو سی ایم چندر بابو نائیڈو نے 5-5لاکھ روپے کی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ ریلوے کی وزارت نے بھی مہلوکین کے اہل خانہ کو 2-2لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔حادثے سے رائے گڑھ اور وجے نگرم روٹ کی کئی ٹرینوں پر اثر پڑا ہے، تقریبا 5ٹرین منسوخ کردی گئی ہیں اور 8ٹرینوں کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے۔رائے گڑھ کے سب کلکٹر مرل دھر سوین کے مطابق، تقریبا 100لوگ زخمی ہوئے ہیں،مہلوکین کے تعداد ابھی مزید بڑھ سکتی ہے۔ان میں سے 22کا پروتی پورم کے سرکاری اسپتال میں علاج چل رہا ہے،جن میں سے 7 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔32زخمیوں کو رائے گڑھ کے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔


Share: