چندی گڑھ، 29/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ریزرویشن کو لے کر جاٹوں کا غیر معینہ دھرنا ہریانہ میں اتوار کو پھر شروع ہو گیا ہے۔11 ماہ بعد دوبارہ ہو رہا یہ دھرنا 19/اضلاع میں دیا جا رہا ہے۔جاٹ ریزرویشن حامی مختلف اضلاع میں بنائی گئی دھرنا کی جگہ پر پہنچ رہے ہیں، حالانکہ دھرنے کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیا ہے۔اہم راستوں کے ساتھ ہی ہائی وے پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔حساس اضلاع اور مقامات پر نیم فوجی دستوں کے جوان مسلسل مارچ کر رہے ہیں اور کئی مقامات پر ناکے بندی کردی گئی ہے۔پچھلی بار تحریک کے مرکز رہے روہتک، حصار، کیتھل، جھجھر، سونی پت اور جیند میں خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔فتح آباد میں ڈیوٹی میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں پانچ پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیاگیا ہے۔واضح رہے کہ آل انڈیا جاٹ ریزرویشن سنگھرش سمیتی کی طرف سے یہ غیر معینہ دھرنا شروع کیا گیا ہے۔مظاہرہ کررہے جاٹ لیڈروں نے ریزرویشن ملنے تک دھرنا جاری رکھنے کی دھمکی دی ہے۔یشپال ملک گروپ اس دھرنے میں زیادہ سرگرم ہے۔حالانکہ جاٹوں کے کئی گروپوں کو دھرنے میں شامل نہ ہونے کے لیے منانے میں حکومت کامیاب ہو گئی ہے، لیکن پھر بھی دھرناکی جگہ پر ریزرویشن کے حامیوں کے پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔انتظامیہ کا پورا زور تحریک کے دوران عام زندگی کو متاثر ہونے سے روکنے پر ہے۔انتظامیہ کی طرف سے اس کے پیش نظر سبھی اہم راستوں کے ساتھ ہی نہروں، بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں وغیرہ پر سیکورٹی کا خصوصی بندوبست کیا گیا ہے، اس کے تحت، سونی پت میں دہلی کو پانی کی سپلائی کرنے والی منک نہر کی حفاظت کے لئے بھی ایک فوج کا ایک دستہ تعینات کیا گیا ہے۔یہی نہیں، جھجھر، سونی پت، روہتک، جیند، کیتھل اور حصار میں سوشل میڈیا پر سیکورٹی ایجنسیاں سخت نگاہ رکھ رہی ہیں۔فتح آباد میں ڈیوٹی میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں ایس پی او پی نروال نے 5 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔