نئی دہلی، 30؍جنوری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )یوپی بی جے پی خاتون مورچہ کی صدر سواتی سنگھ کو بی جے پی نے لکھنؤ کے سروجنی نگر سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔سواتی سنگھ بی ایس پی سربراہ مایاوتی کے خلاف قابل اعتراض بیان دینے والے سابق بی جے پی لیڈر دیاشکر سنگھ کی بیوی ہیں۔سروجنی نگر سنگھ پر سواتی سنگھ کا مقابلہ بی ایس پی کے امیدوار شیو شنکر سنگھ سے ہوگا۔سواتی سنگھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی ایک عام خاتو ن کو سپورٹ کر رہی ہے، پارٹی میری جنگ میں مدد کر رہی ہے، میری جنگ صرف میری جنگ نہیں تھی یہ ایک عام عورت کی جنگ تھی، میرا ٹکٹ کو لے کر کوئی مطالبہ نہیں تھا ، پارٹی نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔سواتی سنگھ نے کہاکہ میں چاہتی تھی کہ میں مایاوتی کے خلاف الیکشن لڑوں ، وہ اپنے لیے جس سیٹ کو سب سے زیادہ محفوظ مانتی ہیں ،وہیں سے الیکشن لڑتی ،تو بھی میں ان کے خلاف ضرور الیکشن لڑتی۔غورطلب ہے کہ سواتی سنگھ کے شوہر اور سابق بی جے پی لیڈر دیاشکر سنگھ نے مایاوتی کو لے کرانتہائی قابل اعتراض بیان دیا تھی، جس کے جواب میں بی ایس پی کے لوگوں نے دیاشکر کی بیوی اور بیٹی کے لیے بھی ویسی ہی زبان استعمال کر کے بدلہ لیا تھا۔اس کے بعد سواتی نے بھی بی ایس پی لیڈروں کے خلاف محاذ کھول دیا تھا۔حالانکہ مایاوتی پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے کو لے کر بی جے پی نے اپنے ریاستی نائب صدر دیاشکر سنگھ کو پارٹی سے معطل کر دیا تھا۔