ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اتراکھنڈ: ہلدوانی جا رہی بس 1500 فٹ گہری کھائی میں گری، 4 افراد جاں بحق، کئی زخمی

اتراکھنڈ: ہلدوانی جا رہی بس 1500 فٹ گہری کھائی میں گری، 4 افراد جاں بحق، کئی زخمی

Thu, 26 Dec 2024 10:27:55  Office Staff   S.O. News Service

دہرادون، 26/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)اتراکھنڈ کے کماؤں ڈویژن کے بھیم تال علاقے میں ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 4 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ الموڑا سے ہلدوانی جانے والی روڈویز بس بھیم تال-رانی باغ موٹر وے پر آمڈالی کے قریب بے قابو ہو کر تقریباً 1500 فٹ گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں جائے حادثہ پر افراتفری مچ گئی۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا، جب کہ اطلاع ملتے ہی انتظامیہ نے فعال ہو کر راحت اور بچاؤ کے کاموں میں اپنی کارروائی تیز کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بس میں تقریباً 30 مسافر تھے اور جب بس کھائی میں گری تو کئی مسافر چھٹک کر اِدھر اُدھر گر گئے۔ ابھی تک جن 4 لوگوں کی ہلاکت سے متعلق خبریں سامنے آئی ہیں، ان میں ایک بچہ اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ اِدھر اُدھر گر کر زخمی ہوئے لوگوں کو کسی طرح اوپر لایا گیا اور پھر علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔

حادثہ کی خبر ملتے ہی پولیس و انتظامیہ کے افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو رسّی اور کندھوں پر رکھ کر پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے سڑک پر لایا گیا۔ پھر انھیں سی ایچ سی بھیم تال لے جایا گیا جہاں فوری طور پر ان کا علاج شروع ہوا۔ سرگرمی دکھاتے ہوئے 15 ایمبولنس ہلدوانی بھیجا گیا ہے اور بڑے پیمانے پر راحت و بچاؤ کاری کا عمل جاری ہے۔

ایس پی سٹی نینی تال ڈاکٹر جگدیش چندر نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے ہایر سنٹر ہلدوانی بھیجا گیا ہے۔ نینی تال پولیس اور راحت و بچاؤ کاری میں شامل اہلکاروں نے اب تک 24 زخمی مسافروں کو بحفاظت اسپتال پہنچا دیا ہے۔


Share: