ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی: عظیم الحق دہلی وقف بورڈ کے سی ای او مقرر، لیفٹیننٹ گورنر نے عآپ کو ٹھہرایا تاخیر کا ذمہ دار

دہلی: عظیم الحق دہلی وقف بورڈ کے سی ای او مقرر، لیفٹیننٹ گورنر نے عآپ کو ٹھہرایا تاخیر کا ذمہ دار

Sun, 05 Jan 2025 16:44:08  Office Staff   S.O. News Service

 نئی دہلی ، 5/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی میں سیاسی ماحول گرم ہے، اور اسی دوران لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے ایک اور اہم فیصلہ لیا ہے۔ انہوں نے دہلی وقف بورڈ کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے طور پر عظیم الحق کی تقرری کو منظوری دے دی ہے۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے عام آدمی پارٹی کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، یہ الزام لگاتے ہوئے کہ حکومت نے تقرری کے عمل میں غیر ضروری تاخیر اور قانونی ضوابط کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی وقف بورڈ کے سی ای او کی کرسی 28 نومبر 2024 سے خالی پڑی تھی، اور حکومت کی جانب سے ایک ماہ بعد اضافی ذمہ داری کی تجویز پیش کی گئی، جس سے بورڈ کے اہم کام، جیسے اماموں کی تنخواہوں کی ادائیگی، متاثر ہوئے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اس رویے کو بورڈ کے انتظامی امور کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔

لیفٹننٹ گورنر نے اس بارے میں مزید کہا کہ امام و متولی، جو عام طور پر غریب لوگ ہیں، سی ای او کی عدم موجودگی کی وجہ سے ان کو وقت پر تنخواہ نہیں مل پا رہی ہے۔ ان مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے میں اس تجویز کو منظوری دے رہا ہوں۔ حالانکہ تقرری کے عمل میں آنے سے پہلے اس تجویز کو بورڈ کے ذریعے منظور کیا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ مستقبل میں تجویز کو قانون کے التزامات کے مطابق میرے پاس غور کرنے کے لیے بھیجا جانا چاہیے۔

لیفٹننٹ گورنر نے کہا کہ اب بھی حکومت کی جانب سے تجویز قانونی دفعات پر عمل کیے بغیر صرف غیر رسمی طریقے سے بھیجی گئی ہے۔ پارلیمنٹ کے ذریعہ نافذ کردہ دہلی وقف ایکٹ 1995 کے مطابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) کی تقرری مذکورہ ایکٹ کے سیکشن 23 کے مطابق کی جانی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ بورڈ کے ذریعہ 2 ناموں کا ایک پینل تجویز کیا جائے گا۔ ان میں سے کسی ایک کا تقرر کرنا ہوگا۔


Share: