ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / گجرات: اوکھا بندرگاہ پر کرین حادثے میں 3 مزدور ہلاک

گجرات: اوکھا بندرگاہ پر کرین حادثے میں 3 مزدور ہلاک

Thu, 26 Dec 2024 10:42:35  Office Staff   S.O. News Service

دوارکا، 26/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)گجرات کے دوارکا ضلع کی اوکھا بندرگاہ پر آج ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جب جیٹی کی تعمیر کے دوران اچانک کرین گر گئی۔ اس حادثے میں کچلے جانے سے 3 مزدوروں کی جان چلی گئی۔ اطلاعات کے مطابق، 2 مزدوروں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ تیسرے مزدور نے اسپتال میں علاج کے دوران زندگی کی بازی ہار دی۔ جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

حادثہ سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ جی ٹی پانڈیا نے بتایا کہ اوکھا بندرگاہ پر جے ٹی کی تعمیر گجرات سمندر بورڈ کے ذریعہ کی جا رہی ہے۔ اوکھا مرین پولیس تھانہ کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ کرین سے کچل کر 2 مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ایک دیگر مزدور کو اسپتال لے جایا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔

نیشنل ہائی اسپیڈ ریل کارپوریشن لمیٹڈ کے ایک افسر نے بتایا کہ سمندر میں کنوئیں کا کام چل رہا تھا۔ اس کی بنیاد بنانے کے لیے اسٹیل اور کنکریٹ کے بلاک لگائے جا رہے تھے۔ اسے ہی اٹھاتے وقت حادثہ پیش آیا اور مزدور نیچے دب کر ہلاک ہو گئے۔ کرین کا توازن اچانک بگڑ گیا اور وہ وہیں پر کام کر رہے مزدوروں کے اوپر گر گیا۔

بہرحال، حادثے کی جانکاری ملتے ہی کوسٹ گارڈ فورس، پولیس اہلکار اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور لوگوں کو بچانے کے لیے کام شروع کر دیا۔ کرین گرنے کے بعد چاروں طرف افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا تھا۔ کنسٹرکشن سائٹ پر اتنا بڑا حادثہ کیوں ہوا، اس سلسلے میں جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ اس معاملے میں فی الحال کوئی اطلاع نہیں ملی ہے کہ کرین میں کوئی خامی آ گئی تھی، یا پھر اسے کنٹرول کرنے والے نے کسی طرح کی غلطی کی۔


Share: